ابو ظبی، 28 مئی، 2025 (وام) --ابو ظہبی یونیورسٹی (ADU) نے حال ہی میں اپنی دبئی کیمپس میں "عالمی پائیدار ترقی پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس (ICGSD 2025)" کا انعقاد کیا، جس میں 10 ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز تعلیمی ماہرین، محققین، پالیسی سازوں اور صنعت سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔
یہ کانفرنس ‘دگمبر راؤ بندو کالج’ اور ‘اکیڈیویٹ’ کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جس میں 130 سے زائد عالمی ماہرین نے صحت، کاروبار، ماحولیات، ٹیکنالوجی، اور سماجی علوم جیسے شعبوں میں جدید حل تلاش کرنے اور بین الشعبہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے گہری گفتگو کی۔
دو روزہ کانفرنس کے دوران کلیدی نشستیں، پینل مباحثے، اور 100 سے زائد تحقیقی پیشکشیں پیش کی گئیں جن میں موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، سماجی انصاف، تعلیم میں مصنوعی ذہانت، اور پائیدار ترقی کے طریقوں جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر مقررین نے بین الاقوامی تعاون اور ایسے عملی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جو متحدہ عرب امارات کے قومی ایجنڈے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہوں۔
ابو ظہبی یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر غسان عواد نے کہاکہ، “ہم سمجھتے ہیں کہ پائیداری کی جانب بامعنی پیشرفت کے لیے مختلف شعبہ جات، صنعتوں، اور ممالک کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ ICGSD 2025 جیسے اقدامات کے ذریعے ہم جدت پر مبنی مکالمے کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ یہ کانفرنس اُن سرکردہ مفکرین اور تبدیلی کے علمبرداروں کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی جو انسانیت اور کرہ ارض دونوں کی خدمت کے لیے مشترکہ حل تخلیق کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔”