ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کا لبنان کا اعلیٰ سطحی دورہ، اقتصادی تعاون اور اسٹریٹیجک شراکت داری پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 29 مئی، 2025 (وام)--ابوظہبی فنڈ برائے ترقی نے بین الاقوامی تعاون اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی دیرینہ وابستگی کی تجدید کرتے ہوئے حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے سرکاری وفد کے ساتھ جمہوریہ لبنان کا ایک اعلیٰ سطحی دورہ مکمل کیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنا اور اسٹریٹیجک شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔

یہ دورہ ایسے وقت میں عمل میں آیا جب متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور لبنان کے صدر جنرل جوزف عون کے درمیان مئی میں ہونے والی ورکنگ ملاقات میں معیشت، سرمایہ کاری اور حکومتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

اس تناظر میں ابوظہبی فنڈ کو ہدایت دی گئی کہ وہ لبنان میں ممکنہ مشترکہ منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک وفد بھیجے، جبکہ متحدہ عرب امارات کے نالج ایکسچینج آفس کو بیروت میں سرکاری کارکردگی اور ادارہ جاتی بہتری کے بہترین عالمی تجربات شیئر کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

تین روزہ دورے کے دوران یو اے ای اور لبنان کے اعلیٰ حکام کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوئیں جن میں لبنان کی اقتصادی بحالی اور مستقبل کی ترقی کیلئے مشترکہ حل تلاش کرنے پر غور کیا گیا۔ وفد نے جمہوریہ لبنان کے صدر جنرل جوزف عون سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے اور ترقیاتی کوششوں میں شراکت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لبنانی وزیراعظم ڈاکٹر نواف سلام، وزیر خزانہ، توانائی و پانی، تعلیم، صحت، عوامی تعمیرات، مواصلات اور داخلہ سمیت مختلف وزارتوں کے وزراء سے بھی وفد کی ملاقاتیں ہوئیں۔

اس کے علاوہ، وفد نے لبنان کے مرکزی بینک، ہائیر ریلیف کونسل، اور کونسل فار ڈیولپمنٹ اینڈ ریکنسٹرکشن سمیت متعدد قومی اداروں سے بھی مشاورت کی۔

ابوظہبی فنڈ برائے ترقی نے بیروت میں Banque de l'Habitat (ہاؤسنگ بینک) کا بھی دورہ کیا تاکہ سستے گھروں کے لیے رعایتی قرضوں پر اشتراک کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ دونوں فریقین نے آئندہ منصوبوں پر عملدرآمد اور ابوظہبی میں جاری مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے ڈائریکٹر جنرل، محمد سیف السویدی نے کہا کہ فنڈ کی شمولیت متحدہ عرب امارات کے دوست ممالک کے لیے تعاون کے عزم اور بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کے قائدانہ کردار کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ کی لبنان کے ساتھ شراکت داری پچاس سال سے زائد عرصے پر محیط ہے، جس کے دوران انفراسٹرکچر، تعلیم، توانائی اور صحت جیسے اہم شعبوں میں اسٹریٹیجک منصوبے مکمل کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لبنان میں ہماری موجودگی اس عزم کی تصدیق ہے کہ ہم ملک کی اقتصادی مشکلات پر قابو پانے اور لبنانی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ ہمارا مقصد پائیدار ترقیاتی حل فراہم کرنا ہے جو لبنان کی بحالی اور تعمیر نو کی امنگوں سے ہم آہنگ ہوں۔

نالج ایکسچینج فورم کے دوران لبنانی وزیر اعظم ڈاکٹر نواف سلام نے ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنڈ نے 1970 کی دہائی سے لبنان کی ترقیاتی کوششوں میں قابلِ قدر معاونت کی ہے، اور اسے قومی ترقی کے مختلف مراحل میں ایک قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا۔

وفد نے بیروت کی بندرگاہ، رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے، بیروت سرکاری اسپتال، اور دیگر عوامی خدمات کے اداروں کا بھی دورہ کیا تاکہ فوری ترجیحات اور ممکنہ تعاون کے شعبوں کا براہ راست جائزہ لیا جا سکے۔