ابوظہبی، 29 مئی، 2025 (وام)--جامعہ الازہر کے امامِ اعظم پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب کی زیر صدارت مسلم کونسل آف ایلڈرز نے مقبوضہ بیت المقدس میں جاری اشتعال انگیز اقدامات اور مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں، بالخصوص مسجد الاقصیٰ میں بار بار کی گئی دراندازیوں، کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
کونسل نے ان ظالمانہ کارروائیوں کو دو ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکانے کی سنگین کوشش اور نفرت و تشدد پر اکسانے کی خطرناک روش قرار دیا ہے۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے زور دیا کہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات کو فوری طور پر روکا جائے، ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ کونسل نے شہرِ بیت المقدس کی قانونی حیثیت کا احترام کرنے اور مسجد الاقصیٰ کے خلاف غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات کے خاتمے کی بھی پرزور اپیل کی۔
کونسل نے ایک بار پھر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرے، غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اقدامات کرے، اور انسانی بنیادوں پر امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنائے۔ کونسل نے کہا کہ فلسطینی عوام گزشتہ 70 برسوں سے مسلسل مصائب کا سامنا کر رہے ہیں، اور ان کے دکھوں کا ازالہ عالمی سطح پر منصفانہ اقدام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے فلسطینی عوام کے اس جائز حق کی مکمل توثیق کی کہ وہ ایک آزاد و خودمختار ریاست قائم کریں، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔ کونسل نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن اور خطے میں استحکام کے لیے یہ ایک ناگزیر شرط ہے۔