ابوظہبی محکمہ صحت اور سائبر سیکیورٹی کونسل کے اشتراک سے صحت کے شعبے میں سائبر سیکیورٹی مشق کا انعقاد

ابوظہبی، 30 مئی، 2025 (وام)--محکمہ صحت – ابوظہبی نے متحدہ عرب امارات کی سائبر سیکیورٹی کونسل کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری کے تحت صحت کے شعبے میں سائبر لچک کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع سائبر سیکیورٹی مشق کا انعقاد کیا۔

اس مشق میں ماہرین کو سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے بہترین رویے اور طریقہ کار اپنانے کی تربیت دی گئی۔ اس کا مقصد صحت کے شعبے کے محفوظ ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانا اور ڈیجیٹل صحت ٹیکنالوجیز کو استعمال کرنے میں محکمہ صحت کی قائدانہ حیثیت کو مضبوط کرنا تھا۔

مشق میں فرضی سائبر حملوں کے منظرنامے شامل کیے گئے، جن کے ذریعے صحت کی سہولیات کی تیاری اور ڈیجیٹل واقعات کے جواب دینے کی صلاحیت کو جانچا گیا۔ ساتھ ہی، سائبر خطرات کے دوران مواصلاتی نظام اور ردِعمل کے طریقہ کار کی جانچ بھی کی گئی۔

یہ اقدام سائبر سیکیورٹی کونسل کی عوامی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم اور ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے تحفظ کے ویژن کا عکاس ہے۔ کونسل کی حکمت عملی صحت، تعلیم، توانائی اور عوامی خدمات جیسے کلیدی شعبہ جات کو جدید سائبر صلاحیتوں سے لیس کرنے پر مرکوز ہے، تاکہ ڈیجیٹل خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

سائبر سیکیورٹی کونسل تکنیکی اور مشاورتی معاونت کے ساتھ ساتھ مخصوص تربیتی پروگرامز کے ذریعے خدمات کی بلاتعطل فراہمی اور قومی ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے، جس سے ڈیجیٹل لچک اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق سائبر سیکیورٹی کے فروغ میں مدد ملتی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں حکومت کے لیے سائبر سیکیورٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمد الکویتی نے محکمہ صحت کی ڈیجیٹل دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے محکمہ صحت کا عزم قابل تعریف ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کونسل تمام سرکاری اداروں کو مخصوص تربیتی پروگرامز کی صورت میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ وہ تیزی سے بدلتی ڈیجیٹل دنیا کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ رہیں۔

ڈاکٹر الکویتی کا کہنا تھا کہ ان کوششوں کا بنیادی مقصد مریضوں کے ڈیٹا کی رازداری کا تحفظ، صحت کے پیشہ ور افراد کی ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ، اور اطلاعاتی تحفظ و علاج سے متعلق فائلوں کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں حل ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ کونسل متحدہ عرب امارات میں ایک مضبوط اور محفوظ ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے قیام کے لیے پرعزم ہے، تاکہ سائبر سیکیورٹی کو ادارہ جاتی اور انفرادی سطح پر ایک بنیادی ثقافتی عنصر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمت عملی متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ڈیجیٹل تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے وژن سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔

یہ مشق ابوظہبی کے باب البحر ہوٹل میں منعقد کی گئی، جس میں محکمہ صحت سے منسلک مختلف اداروں کے تربیت یافتہ افراد نے شرکت کی۔ اس مشق کا مقصد صحت کے شعبے کی تیاری کو جانچنا اور بڑھتے ہوئے سائبر خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا تھا۔ اس موقع پر عالمی سطح پر رائج بہترین طریقہ کار اور عملی سفارشات بھی پیش کی گئیں، تاکہ صحت کے ادارے متنوع ڈیجیٹل خطرات سے مؤثر طور پر نمٹ سکیں۔

مشق میں محکمہ صحت کی ڈیجیٹل خدمات کا مفصل جائزہ بھی شامل تھا، جس میں مریضوں کے ڈیٹا اور حساس معلومات کے محفوظ ذخیرہ اور تحفظ کے لیے جدید اور درست طریقہ کار اپنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ، محکمہ کے میڈیکل کمانڈ آپریشنز سینٹر کا عملی منظرنامہ بھی پیش کیا گیا، جس میں صحت سے متعلق اہم ڈیٹا کی حفاظت اور طبی خدمات کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔

یہ مشق صحت کے شعبے میں سائبر لچک بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی گئی، کیونکہ یہ شعبہ اپنے حساس ڈیٹا کے باعث سائبر حملوں کا اہم ہدف سمجھا جاتا ہے۔ اس ڈیٹا کو شناختی چوری اور ڈیجیٹل دھوکہ دہی کے لیے استعمال کیے جانے کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔ ان خطرات کے پیش نظر محکمہ صحت اور سائبر سیکیورٹی کونسل نے ایسے مختلف منظرنامے تیار کیے ہیں جن سے ادارے ممکنہ سائبر خطرات کے لیے پہلے سے تیاری حاصل کر سکیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ محکمہ صحت – ابوظہبی متحدہ عرب امارات اور خطے کا پہلا ادارہ ہے جس نے صحت کے شعبے کے لیے ایک جامع سائبر سیکیورٹی حکمت عملی متعارف کرائی۔ یہ حکمت عملی ایک ہمہ گیر فریم ورک پر مشتمل ہے جو صحت کے شعبے کے تحفظ کے لیے ابو ظہبی کے بنیادی اصولوں کی وضاحت کرتی ہے۔ اس کا مقصد سائبر خطرات کی پیشگی نشاندہی اور موثر و منظم ردِعمل کے ذریعے صحت کے بنیادی ڈھانچے کی لچک کو بڑھانا ہے۔