ابوظہبی، 2 جون، 2025 (وام)--نیویارک یونیورسٹی ابوظہبی (NYUAD) کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے ایک انقلابی کاغذ پر مبنی تشخیصی آلہ تیار کر لیا ہے، جو بغیر کسی لیبارٹری آلات یا ماہر عملے کے، کووڈ-19 اور دیگر متعدی امراض کی تشخیص صرف دس منٹ میں کر سکتا ہے۔
یہ آلہ، جسے 'ریڈیللی کمپارٹمنٹلائزڈ پیپر چپ (RCP-Chip)' کا نام دیا گیا ہے، ایڈوانسڈ مائیکروفلوئڈکس اینڈ مائیکرو ڈیوائسز لیبارٹری (AMMLab) میں تیار کیا گیا۔ یہ نظام متعدی امراض کی فوری، سستی اور قابلِ نقل جانچ کے لیے ایک مؤثر حل فراہم کرتا ہے۔
اس آلہ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سیال کے ایک قطرے کے ذریعے وائرس کے جینیاتی مواد کے نہایت معمولی ذرات کی شناخت کر سکتا ہے، جس کے بعد ایک واضح رنگ کی تبدیلی کے ذریعے نتیجہ ظاہر ہوتا ہے۔ اس کی کارکردگی کے لیے نہ تو بجلی درکار ہے اور نہ ہی کوئی پیچیدہ مشینری؛ صرف تقریباً 65 ڈگری سیلسیئس کی معمولی حرارت (گرم پانی کے درجہ حرارت کے برابر) ہی کافی ہوتی ہے۔
یہ تحقیق "سنگل لیئر ریڈیللی کمپارٹمنٹلائزڈ پیپر چپ (RCP-Chip) فار ریپڈ آئیزو تھرمل ملٹی پلیکسیڈ ڈٹیکشن آف SARS-CoV-2 جین ٹارگٹس" کے عنوان سے ایک سائنسی مقالے میں شائع ہوئی ہے، جو جرنل 'ایڈوانسڈ سینسر ریسرچ' میں شائع ہوا۔ اس تحقیق میں اس آلہ کی تیاری اور جانچ کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں، جو کہ کم وسائل والے علاقوں میں متعدی بیماریوں کی تیز رفتار تشخیص کے لیے ایک انقلابی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
اس حوالے سے نیویارک یونیورسٹی ابوظہبی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف مکینیکل انجینئرنگ و بایوانجینئرنگ اور تحقیق کے سینئر مصنف، ڈاکٹر محمد قسیمہ نے کہا کہ، "RCP-چپ کو حقیقی دنیا کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اسے دیگر متعدی امراض کی شناخت کے لیے بھی دوبارہ ترتیب دیا جا سکتا ہے، جو کہ اسے عالمی صحت کے لیے ایک طاقتور ذریعہ بناتا ہے۔"
تحقیق کی شریک مصنفہ اور نیویارک یونیورسٹی ابوظہبی کی ریسرچ اسسٹنٹ پویتھرا سوکمار نے کہاکہ، "یہ ایک تیز رفتار، سستا اور لیبارٹری کے بغیر کام کرنے والا ٹیسٹ ہے، جو متعدد جین ٹارگٹس کی شناخت صرف دس منٹ کے اندر کرتا ہے۔ اس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں حقیقی دنیا میں استعمال کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ یہ قابلِ حمل ٹیسٹ کسی بھی وبائی صورتحال میں فوری تنہائی، علاج اور کنٹرول کے اقدامات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔"