ابوظہبی، 2 جون، 2025 (وام) -- متحدہ عرب امارات کی وزارت توانائی و انفراسٹرکچر (MoEI) نے وزارت انسانی وسائل و امارات کاری (MoHRE) کے تعاون سے ’سالِ کمیونٹی‘ کی سرگرمیوں کے تحت گھریلو ملازمین کے لیے ’پائیدار رہنما اصول‘ جاری کیے ہیں۔ یہ رہنما اصول قومی توانائی و پانی کی طلبی نظم و نسق پروگرام کے اہداف کے حصول کے لیے بجلی اور پانی کے بچاؤ کے طریقوں کو فروغ دینے کا ایک عملی قدم ہیں۔
اس اشاعت کا مقصد گھریلو ملازمین میں تحفظ ماحول اور وسائل کی بچت کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔ اس میں سادہ، قابلِ فہم اور عملی طرزِ عمل سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی ہے، تاکہ گھریلو ملازمین وسائل کا مؤثر اور بہتر استعمال سیکھ سکیں اور ضیاع کو کم کر سکیں۔ اس کے ذریعے نہ صرف توانائی و پانی کے استعمال میں بہتری آئے گی بلکہ معیارِ زندگی بلند ہوگا اور قدرتی وسائل کی پائیداری کو بھی تقویت ملے گی۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے کاربن فٹ پرنٹ میں کمی، ماحولیاتی غیرجانبداری کے ہدف، اور پائیدار ترقی کے عزائم سے ہم آہنگ ہے۔
وزارت توانائی و انفراسٹرکچر نے اس بات کو یقینی بنایا کہ یہ رہنما اصول آٹھ مختلف زبانوں میں تیار کیے جائیں، تاکہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے گھریلو ملازمین تک ان کی رسائی یقینی ہو۔ یہ کثیر لسانی حکمت عملی ان سفارشات کو سمجھنے اور اپنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
انجینئر فہد الحمادی، اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے سپورٹ سروسز سیکٹر (MoEI) نے کہاکہ، "یہ رہنما اصول متحدہ عرب امارات کے ماحولیاتی اہداف کے حصول میں تمام طبقوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہیں، خصوصاً ان افراد کی جو روزمرہ زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہاکہ، "آٹھ زبانوں میں رہنما اصولوں کی اشاعت اس عزم کی عکاسی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ افراد تک پیغام پہنچا کر قومی توانائی و پانی نظم و نسق پروگرام کی مؤثریت کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ یہ 'ہم اماراتی – 2031' وژن کے مطابق ایک باشعور معاشرے کی تعمیر کی طرف عملی قدم ہے۔"
انہوں نے اس اقدام کو ایسی انقلابی کاوش قرار دیا جو وزارت کے اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مل کر کی جا رہی ہے۔ ان کا مقصد ترقی اور وسائل کے تحفظ کے درمیان توازن پیدا کر کے پائیداری کے عالمی اشاریوں میں متحدہ عرب امارات کی مسابقت اور قیادت کو مضبوط کرنا ہے۔
دوسری جانب، وزارت انسانی وسائل و امارات کاری میں قائم مقام اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے لیبر پروٹیکشن سیکٹر، دلال الشحی نے اس اقدام کو معاشرتی ذمہ داری اور ماحول دوست شعور کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو ملازمین متحدہ عرب امارات کے سماجی ڈھانچے کا بنیادی جز ہیں اور ان میں ماحولیاتی آگاہی پیدا کرنا نہایت ضروری ہے۔
دلال الشحی نے کہاکہ، "رہنما اصولوں کی کئی زبانوں میں دستیابی حکومت کی شمولیت پر مبنی حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے، جو معاشرے کے مختلف طبقات میں اس اقدام کے اثرات کو وسیع کرنے کے لیے اختیار کی گئی ہے۔"
انہوں نے مزید کہاکہ، "وزارت ان تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے جو معاشرتی افراد کی زندگی کے معیار کو بہتر بناتے ہیں اور ایسے کام کے ماحول کی تعمیر میں مددگار ہیں جو آگاہی، خودمختاری، اور پائیدار ترقی کے اصولوں پر مبنی ہو۔ یہ 'ہم اماراتی – 2031' وژن اور ماحولیاتی اہداف کے حصول کی سمت ایک مضبوط قدم ہے۔"