ابوظہبی میں سرمایہ کاری امور کونسل کا اجلاس، عالمی اقتصادی رجحانات اور ادارہ جاتی کارکردگی کا جائزہ

ابوظبی، 3 جون (وام)--نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور چیئرمین صدارتی امور، عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان، اور ولی عہد ابوظہبی و چیئرمین ایگزیکٹو کونسل عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی موجودگی میں ابوظہبی کے نائب حکمران عزت مآب شیخ طحنون بن زاید النہیان کی زیر صدارت سپریم کونسل برائے مالی و اقتصادی امور کے تحت سرمایہ کاری امور کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران عزت مآب شیخ طحنون بن زاید نے اس بات پر زور دیا کہ سپریم کونسل برائے مالی و اقتصادی امور ابوظبی کے مالیاتی، سرمایہ کاری، اقتصادی اور قدرتی وسائل سے متعلقہ عوامی پالیسیوں کے تعین اور منظوری میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے اس امر کی نشاندہی بھی کی کہ کونسل سے منسلک اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے اداروں کی کارکردگی کی نگرانی کونسل کی عمومی حکمت عملی اور منصوبہ بندی سے ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے کی جاتی ہے۔

اجلاس کے دوران عزت مآب نے عالمی اقتصادی حالات اور رجحانات کا جائزہ لیا، جبکہ ابوظہبی میں متعلقہ اداروں کی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی (ADIA)، مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی، ADQ اور ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) کی پہلی سہ ماہی کی مالی کارکردگی پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس میں عزت مآب شیخ حامد بن زاید النہیان، خلدون خلیفہ المبارک، جاسم محمد بوعتابہ الزعابی، ڈاکٹر سلطان احمد الجابر، اور محمد حسن السویدی بھی شریک ہوئے۔