چین کا پہلا گہرے سمندر کی جانچ کا مرکز ہینان میں قائم

ہینان، 9 جون، 2025 (وام)--چین نے ورلڈ اوشینز ڈے کے موقع پر صوبہ ہینان میں اپنے پہلے گہرے سمندر کے جانچ کے مقام (ڈیپ سی ٹیسٹنگ سائٹ) کا افتتاح کیا ہے۔ چینی حکام کے مطابق اس کا مقصد گہرے سمندری آلات کی تحقیق و ترقی کو فروغ دینا اور بحری معیشت کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔

ہینان پروونشل اوشینک ایڈمنسٹریشن کے نائب ڈائریکٹر، کُوئی شیاوجیان نے کہاکہ گہرے سمندر کے علاقے دنیا بھر کے ممالک کے لیے نہایت اہم اسٹریٹجک وسائل کے حامل ہوتے ہیں، اور ان علاقوں میں جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی کی بنیاد فراہم کرتی ہے جو گہرے سمندر کی تلاش و استفادہ کے لیے ناگزیر ہے۔

چائنا ڈیلی کے مطابق گہرے سمندری علاقے معدنیات، حیاتیاتی اور توانائی کے وسائل سے مالامال سمجھے جاتے ہیں۔ مذکورہ ٹیسٹنگ سائٹ صوبہ ہینان کے شہر سانیا کے جنوب مشرق میں تقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جو 400 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس مقام پر پانی کی گہرائی 1,300 سے 1,500 میٹر تک ہے۔

کُوئی کے مطابق اس مرکز میں ایک جامع سروس پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا، جس میں ٹیکنالوجی کی تحقیق و ترقی، تجرباتی جانچ، صنعتی ترقیاتی مراحل اور سرٹیفیکیشن کے عمل کو شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مرکز کو حقیقی ضروریات پر مبنی متنوع ایپلیکیشن سیناریوز سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ گہرے سمندری صنعت کی اپ گریڈیشن، اعلیٰ معیار کی پیداواری قوتوں کی تشکیل، اور بحری معیشت کی پائیدار ترقی کو نئی توانائی فراہم کی جا سکے۔

کُوئی نے یہ بھی واضح کیا کہ ہینان چین کے بحری علاقے کا تقریباً دو تہائی حصہ سنبھالتا ہے، جو دو ملین مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ اس کے بحری علاقے میں پانی کی اوسط گہرائی 1,200 میٹر سے زائد ہے، جو شدید دباؤ اور کم درجہ حرارت جیسے منفرد قدرتی حالات کے حامل ہیں، اور ملک کے لیے اسٹریٹجک اہمیت رکھتے ہیں۔