عید الاضحی کے دوران دبئی میں 75 لاکھ سے زائد افراد نے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کیا، گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد اضافہ

دبئی، 10 جون 2025 (وام)--دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کے اعلان کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر مجموعی طور پر 75 لاکھ 77 ہزار افراد نے عوامی، مشترکہ اور ٹیکسی سروسز سے استفادہ کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔

دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، میٹرو کی ریڈ اور گرین لائنز پر 27 لاکھ 86 ہزار مسافر سفر کر چکے، جب کہ ٹرام سروس سے 1 لاکھ 19 ہزار 917 مسافروں نے استفادہ کیا۔ اسی طرح پبلک بس سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد 16 لاکھ 63 ہزار رہی۔

رپورٹ کے مطابق، سمندری ٹرانسپورٹ بھی شہریوں اور سیاحوں کے درمیان خاصی مقبول رہی، جس کے ذریعے 3 لاکھ 7 ہزار 684 افراد نے سفر کیا۔ اس کے علاوہ، ٹیکسی سروسز نے 21 لاکھ 96 ہزار مسافروں کو منزل تک پہنچایا، جبکہ مشترکہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 4 ہزار 159 رہی۔

دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے عید کے دوران ٹرانسپورٹ کے متنوع ذرائع فراہم کیے، جن کی بدولت لاکھوں افراد نے شہر میں آسان، آرام دہ اور بروقت سفر کیا۔