لندن، 10 جون 2025 (وام)--نیشنل میڈیا آفس (این ایم او) اور امارات میڈیا کونسل کے چیئرمین، عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد نے لندن ڈیزائن بینالے 2025 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ابوظہبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت کے پویلین سمیت خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے مختلف ممالک کے نمائشی اسٹالز کا مشاہدہ کیا۔
دورے کے دوران چیئرمین نے "جزر و روایات: بحری دستکاریوں اور ورثے کا سفر" کے عنوان سے نمائش کا بھی جائزہ لیا، جو ہاؤس آف آرٹیزنز کے اشتراک سے ابوظہبی کے ثقافتی پویلین میں پیش کی گئی۔ ان کے ہمراہ لندن ڈیزائن بینالے کی ڈائریکٹر وِکٹوریا بروکس اور محکمہ ثقافت و سیاحت کی ثقافتی و تاریخی مقامات کی ڈائریکٹر سلامہ ناصر الشامسی بھی موجود تھیں۔
عبداللہ الحامد نے خاص طور پر انٹرایکٹو تجربے میں دلچسپی ظاہر کی، جو روایتی اور جدید فن کی ہم آہنگی سے امارات کے بحری ورثے اور دستکاریوں کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کر رہا تھا۔ انہوں نے نمائش کے تخلیقی انداز، فنی جدت اور مواد کی گہرائی کو سراہا، اور کہا کہ یہ فنون لطیفہ اور ڈیزائن کی عالمی زبان کے ذریعے اماراتی ثقافت کی نمائندگی کا منفرد ذریعہ ہے۔
چیئرمین این ایم او نے کہا کہ یہ نمائش اس حقیقت کا مظہر ہے کہ متحدہ عرب امارات اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ، بالخصوص بحری روایات، کو نہایت سنجیدگی سے لے رہا ہے، جو اماراتی شناخت اور سمندری تعلقات کی علامت رہی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ، "لندن ڈیزائن بینالے جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں ہماری شرکت قیادت کے اس وژن کی عکاس ہے جو اماراتی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے پُرعزم ہے۔ یہ ثقافتی مکالمے کو فروغ دیتا ہے، انسانی ہم آہنگی کا پل بناتا ہے، اور امارات کے اس کردار کو اجاگر کرتا ہے جو روایتی اقدار اور جدید ترقی کے درمیان ہم آہنگی کا استعارہ بن چکا ہے۔"
الحامد نے محکمہ ثقافت و سیاحت – ابوظہبی کے عالمی سطح پر اماراتی ورثے کو فروغ دینے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف ملک کے گہرے تاریخی پس منظر اور شناخت کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ ثقافت کو تہذیبی مکالمے کا مرکزی ستون بنانے کے قومی وژن سے بھی ہم آہنگ ہیں۔
دورے کے آخر میں انہوں نے سعودی عرب، سلطنت عمان اور ریاست قطر کے پویلینز کا بھی مشاہدہ کیا، جہاں جی سی سی خطے کی ثقافتی تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سامعین کے سامنے پیش کیا گیا۔