ابوظہبی، 11 جون 2025 (وام)--کیزاد گروپ (خلیفہ اکنامک زونز ابوظہبی)، جو خطے کے سب سے بڑے اور مربوط اقتصادی زونز میں سے ایک ہے، نے ابوظہبی کا نیا کاروباری مرکز "کےزاد بزنس ڈسٹرکٹ (KBD)" قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بزنس ڈسٹرکٹ ای 11 شاہراہ کے دہانے پر واقع ہے، جو ابوظہبی کو شمالی امارات سے جوڑتی ہے، اور کیزاد المعمورہ کے 410 مربع کلومیٹر کے ماسٹر ڈیولپمنٹ کا حصہ ہے۔ ابتدائی طور پر تین مربع کلومیٹر پر مشتمل یہ علاقہ مرحلہ وار ترقی پائے گا، جہاں انفراسٹرکچر کے کام جاری ہیں۔
نئے منصوبے میں 21,000 مربع میٹر پر مشتمل جدید دفتر عمارت، کھیلوں کی سہولیات، اور خوراک و مشروبات (F&B) کے لیے ریٹیل سہولیات شامل ہوں گی، جو کےزاد گروپ کے صدر دفتر "کےزاد ون" کے قریب واقع ہوں گی۔
کیزاد بزنس ڈسٹرکٹ کو متعدد لاجسٹکس، صنعتی اور تجارتی مراکز سے قریبی فاصلے پر واقع ہونے کی وجہ سے اسٹریٹجک اہمیت حاصل ہے۔ یہ منصوبہ تعلیم، کاروبار اور صنعت کے درمیان تعاون کو فروغ دینے والا ایک مربوط تجارتی مرکز بننے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، جس میں ایک متحرک سماجی ماحول بھی موجود ہوگا۔
یہ بزنس ڈسٹرکٹ تین نمایاں منصوبوں کے قریب واقع ہے: 70,000 مربع میٹر پر مشتمل ٹو فور 54 میڈیا پروڈکشن کیمپس، 3.3 مربع کلومیٹر پر محیط ابو ظہبی فوڈ ہب، اور گلوبل آٹو ہب، جن میں سے آخری دو منصوبے پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کےزاد گروپ کے ذریعے ترقی پا رہے ہیں۔
ابو ظہبی پورٹس گروپ میں اکنامک سٹیز اینڈ فری زونز کے سی ای او، عبداللہ الحملي نے کہا کہ، "ہم جس جوش اور جدت سے صنعتی شعبے میں دنیا کے سب سے مربوط اور متحرک ایکو سسٹمز تیار کر چکے ہیں، اسی انداز سے ہم ایک نئی نسل کا کاروباری ضلع متعارف کروا رہے ہیں جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ابوظہبی کی پیشکش کو مزید بہتر بنائے گا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ابوظہبی کی کثیر الجہتی شہری توسیع کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جہاں کےزاد المعمورہ کو مستقبل کے اقتصادی نقشے میں ایک اہم مرکز کے طور پر تصور کیا جا رہا ہے۔
کیزاد بزنس ڈسٹرکٹ خلیفہ پورٹ سے صرف 15 منٹ، زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 25 منٹ اور تیز رفتار اتحاد ریل کے ذریعے پورے ملک سے جُڑا ہوا ہے۔ دبئی سے بھی یہ مقام 30 منٹ کی مسافت پر ہے اور جبل علی پورٹ و دبئی ورلڈ سنٹرل - المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے براہ راست منسلک ہے۔
جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو یہ مقام علاقائی ہیڈ کوارٹرز، تحقیق و جدت کے مراکز، تربیتی اداروں اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کے قیام کے لیے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد ایسے ثانوی کاروباری مرکز کا قیام ہے، جہاں دفاتر، رہائش، تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، ریٹیل اور تفریحی سرگرمیوں کا امتزاج موجود ہو۔
کیزاد بزنس ڈسٹرکٹ ابوظہبی کے جدید صنعتی و اقتصادی ایکو سسٹم کے قلب کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے۔