ابوظہبی، 11 جون 2025 (وام)--ابوظہبی کریئیٹو میڈیا اتھارٹی (CMA) نے NG9 گروپ کے ساتھ کثیر شعبہ جاتی اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ گروپ نروانا ہولڈنگ، جوان ہولڈنگ، اور 9یارڈز گروپ پر مشتمل ایک متحرک کنسورشیم ہے۔
شراکت داری کے تحت ابتدائی مرحلے میں دو فیچر فلمیں اور ایک 10 اقساط پر مشتمل ٹی وی سیریز تیار کی جائے گی، جس کی مجموعی لاگت 55 ملین درہم (15 ملین امریکی ڈالر) ہے اور یہ منصوبے عالمی سطح پر تقسیم کیے جائیں گے۔
فلموں اور سیریز کی مرکزی شوٹنگ ستمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے، جس میں مقامی عملے کو ملازمت دی جائے گی اور اسکرین پر اور پس پردہ اماراتی ٹیلنٹ کو شامل کیا جائے گا۔ یہ تمام اقدامات ابوظبی فلم کمیشن کے ریبیٹ پروگرام کے تحت کیے جائیں گے، جس کا مقصد اماراتی ثقافت اور ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔
شراکت داری کے تحت کریئیٹو میڈیا اتھارٹی جانب سے لوکیشن سپورٹ، ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ پروگرامز، ٹیلنٹ کاسٹنگ، اور ریبیٹ اسکیم جیسے اہم سروسز فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب، NG9 گروپ کی طرف سے ہوٹلز، گاڑیوں، پروازوں اور سیاحتی خدمات پر خصوصی رعایتی نرخ دیے جائیں گے۔ اس میں یاٹس، نجی طیارے اور دیگر خاص ٹرانسپورٹ سہولیات بھی شامل ہیں، جو ADFC کی معاونت یافتہ پروڈکشنز کے لیے دستیاب ہوں گی۔
خالد خوری، ڈائریکٹر آف انڈسٹری ڈیولپمنٹ، کریئیٹو میڈیا اتھارٹی، نے کہا کہ ابوظہبی کو عالمی سطح کے تخلیقی مرکز کے طور پر اجاگر کرنا CMA کا بنیادی مقصد ہے، اور اس شراکت داری کے ذریعے مقامی صنعت کے لیے نئے سرمایہ کاری مواقع اور تعاون کے دروازے کھلیں گے۔
علاء العلی، گروپ سی ای او NG9 ہولڈنگ، نے کہا کہ یہ تعاون نہ صرف عالمی سطح پر تقسیم ہونے والا تخلیقی مواد فراہم کرے گا بلکہ ابوظہبی کے نوجوان فلم سازوں کے لیے کیریئر کے دروازے بھی کھولے گا۔
سمیر الجابری، سربراہ ابو ظہبی فلم کمیشن، نے کہا کہ یہ شراکت داری ہمارے وژن کے مطابق ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ پروڈکشن پارٹنرز کو متوجہ کرنا اور ریبیٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار پارٹنرز کو ساتھ ملانا ہے، جو متنوع فلم لوکیشنز، پروڈکشن اسپیشلسٹس اور مقامی کاروباروں کو بروئے کار لاتے ہوئے ابوظہبی کی ثقافتی اور سماجی شناخت کو فلم و ٹی وی میں پیش کریں۔
رامی تماش، جنرل مینیجر 9Yards Pictures، نے اس شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس اقدام سے اماراتی تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے تصدیق کی کہ اداکاری، ہدایت کاری اور اسکرپٹ رائٹنگ کے میدان میں اماراتی ٹیلنٹ کی تلاش اور تربیت کا عمل جاری ہے تاکہ ایک مضبوط پروڈکشن ایکو سسٹم تیار کیا جا سکے جو عصری اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ اماراتی مواد کو فروغ دے۔