ابوظہبی، 11 جون 2025 (وام)--بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے مطابق ابوظہبی کے صحرا میں واقع "السَّخیم فلکیاتی رصدگاہ" نے نظام شمسی سے باہر کے سیاروں (Exoplanets) کی دریافت کی تصدیق میں عملی شرکت کی ہے، جو متحدہ عرب امارات کے لیے فلکیاتی تحقیق میں ایک نمایاں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ کامیابی امارات کی ان عالمی سائنسی منصوبوں میں سرگرم شرکت کو مضبوط بناتی ہے، جن کا مقصد کائنات کو سمجھنے اور زمین سے باہر زندگی کے امکانات کو دریافت کرنا ہے۔
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے صدر انجینئر خلفان النعیمی نے بتایا کہ اس کامیابی کا حصہ ناسا کے "ٹرانزیٹنگ ایکسوپلینٹ سروے سیٹلائٹ" (TESS) کے ساتھ شراکت داری کے تحت ممکن ہوا۔ اس رصدگاہ میں ایسے جدید طریقے استعمال کیے جاتے ہیں، جو ستاروں کی روشنی میں معمولی کمی کو جانچتے ہیں، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کوئی سیارہ اپنے میزبان ستارے کے سامنے سے گزر رہا ہے یا نہیں— جو ایکسوپلینٹ دریافت کرنے کا ایک معروف اور مؤثر طریقہ ہے۔
مرکز کے ڈائریکٹر انجینئر محمد شوقَت عُودہ نے بتایا کہ الصَّخیم رصدگاہ نے جون 2024 میں TESS فالو اپ آبزروِنگ پروگرام (TFOP) میں باضابطہ شمولیت اختیار کی۔ اس سے قبل، اماراتی ماہرین نے بین الاقوامی ماہرین کی زیر نگرانی ایک تربیتی پروگرام اور ایک عملی مشاہداتی امتحان کامیابی سے مکمل کیا تھا، جس کے دوران ایک ممکنہ سیارے کا کامیاب مشاہدہ کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت امارات کی سائنسی قیادت کو مستحکم بنانے اور کائنات کے رازوں کی کھوج میں عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کی اسٹریٹجک حکمت عملی کے عین مطابق ہے۔ اس میں جدید فلکیاتی ڈھانچے اور مستقبل بین وژن کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔