امریکہ اور چین کے درمیان نیا تجارتی معاہدہ طے پا گیا، درآمدات و مراعات پر اتفاق

واشنگٹن، 12 جون، 2025 (وام)--امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ امریکہ اور چین کے درمیان نئے تجارتی معاہدے کے تحت چین سے نایاب معدنیات اور میگنیٹس درآمد کیے جائیں گے، جبکہ چینی مصنوعات پر عائد ٹیرف کو بڑھا کر 55 فیصد کر دیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت امریکہ، چین کو وہ تمام مراعات فراہم کرے گا جن پر پہلے اتفاق ہو چکا ہے، جن میں چینی طلباء کو امریکی جامعات اور کالجوں میں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت شامل ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر تحریر کیا کہ چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ "مکمل ہو چکا ہے"۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب لندن میں رواں ہفتے ہونے والے دو روزہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کے بعد امریکہ اور چین نے اعلان کیا کہ وہ جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں گزشتہ ماہ طے پانے والے تجارتی فریم ورک کی جانب دوبارہ پیش رفت کریں گے۔

چینی حکام نے مذاکرات کو "معقول" اور "دو ٹوک" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین کو یکساں سمت میں پیش قدمی، کیے گئے وعدوں کی پاسداری اور اتفاقِ رائے پر عمل درآمد میں دیانت داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی، ژنہوا کے مطابق، لندن مذاکرات کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ فریقین نے باہمی اعتماد اور اتفاقِ رائے کے تحت اقدامات پر زور دیا ہے۔