یو اے ای میڈیا کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کی لندن میں عالمی میڈیا رہنماؤں سے ملاقاتیں

لندن، 12 جون، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نیشنل میڈیا آفس (این ایم او) اور یو اے ای میڈیا کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین، عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد نے لندن میں عالمی میڈیا شعبے سے تعلق رکھنے والے سرکردہ اداروں، کمپنیوں اور علمی تنظیموں کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

ان ملاقاتوں میں نیشنل میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر جمال محمد الکعبی بھی شریک تھے۔

یہ ملاقاتیں رواں سال دسمبر میں ابوظہبی میں منعقد ہونے والے ’برج سمٹ‘ کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔ ملاقاتوں کا مقصد بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانا، عالمی تعاون کو وسعت دینا، اور سمٹ کے مواد کو مزید مؤثر اور بامقصد بنانا تھا تاکہ اسے عالمی سطح پر میڈیا مکالمے کا مؤثر مرکز بنایا جا سکے۔

بات چیت میں اختراعی میڈیا منصوبوں کو فروغ دینے، طویل مدتی استحکام یقینی بنانے، اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کے قیام کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، بصری اور ڈیجیٹل مواد کو بہتر بنانے اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال سے میڈیا صنعت میں جدت اور تخلیق کی حوصلہ افزائی پر بھی توجہ مرکوز رہی۔

الحامد نے اس موقع پر کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت میڈیا کے شعبے کو علم پر مبنی معاشروں کی تعمیر اور عالمی ثقافتی تبادلے کا پُل بنانے کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر دیکھتی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ جامع شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اماراتی میڈیا کی عالمی حیثیت کو بہتر بنانے اور تیزی سے بدلتے عالمی رجحانات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے بہترین عالمی طریقہ کار اپنانا ضروری ہے۔

عبداللہ الحامد نے مزید کہا کہ ’برج سمٹ‘ مستقبل شناس میڈیا ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کے وژن کا حصہ ہے، جو ڈیجیٹل میڈیا کی آئندہ سمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ، “ہم اس سمٹ کے ذریعے میڈیا اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے قائدین کے مابین تعمیری مکالمے اور علم کے تبادلے کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم قائم کرنا چاہتے ہیں، تاکہ اختراعی میڈیا حلوں کی تشکیل میں مدد ملے جو معاشروں کی خدمت کریں اور رواداری و بقائے باہمی کے اقدار کو فروغ دیں۔”

ملاقاتوں میں شرکت کرنے والوں میں وفاقی قومی کونسل کی رکن اور مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی کی خودمختار شراکت داریوں کی سربراہ میرا سلطان السویدی؛ مبادلہ کے چیف فنانشل آفیسر میتھیو ہرن؛ معروف میڈیا کاروباری شخصیت سر مارٹن سورل؛ گیٹی امیجز کی تخلیقی نائب صدر ڈاکٹر ربیکا سوفٹ؛ ٹینسینٹ یورپ کی جنرل منیجر ڈاکٹر لنگ جے؛ مانکس کی ڈائریکٹر آف ایونٹس گیل اموراؤ؛ بونہمز کی سی ای او چابی نوری؛ بی بی سی ایشین نیٹ ورک کے ہیڈ آف نیٹ ورک احمد حسین؛ اور بلنکنک کے ایگزیکٹو پروڈیوسر بارٹ ییٹس شامل تھے۔