شارجہ پولیس کی بڑی کارروائی، 35 لاکھ کیپٹاگون گولیاں ضبط، منشیات فروش گروہ گرفتار

شارجہ، 15 جون 2025 (وام)--شارجہ پولیس نے ’’بوٹم آف ڈارکنیس‘‘ کے نام سے کی گئی ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ کارروائی کے دوران، ابوظہبی پولیس اور وزارت داخلہ کے وفاقی انسداد منشیات شعبے کے تعاون سے، 35 لاکھ سے زائد کیپٹاگون گولیوں کی ملک بھر میں ترسیل کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

انسداد منشیات کے شارجہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ماجد سلطان العصم نے بتایا کہ ضبط شدہ گولیوں کا وزن تقریباً 585 کلوگرام تھا، جن کی اندازاً مالیت 1 کروڑ 90 لاکھ درہم سے تجاوز کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منشیات فروش گروہ نے نوجوانوں کو نشانہ بنانے کی نیت سے یہ گولیاں زمین میں چھپا رکھی تھیں اور ان پر مصنوعی انٹرلاکنگ فرش نصب کر کے سراغ رسانی سے بچنے کی کوشش کی گئی تھی۔ تاہم، جدید تجزیاتی ذرائع کی مدد سے پولیس کو اس ذخیرے کا سراغ لگانے اور گروہ کو گرفتار کرنے میں کامیابی ملی۔

بریگیڈیئر العصم نے گروہ کی جانب سے استعمال کی گئی جدید اسمگلنگ تکنیکوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مجرم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال بڑھا کر نوجوان نسل کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو کہ ایک تشویشناک رجحان ہے۔

انہوں نے اس کامیاب کارروائی کو پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت، چوکسی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور قومی انسداد منشیات اداروں کے باہمی اشتراک کا نتیجہ قرار دیا۔

مزید بتایا گیا کہ ضبط شدہ منشیات اور گروہ کی طریقہ واردات سے متعلق معلومات دیگر اماراتی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی شیئر کی گئی ہیں، تاکہ ملک بھر میں انسداد منشیات کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

بریگیڈیئر العصم نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات فروش نت نئے طریقے اپناتے جا رہے ہیں، لہٰذا ان کے خلاف مؤثر حکمت عملی اور تیز تر ردعمل نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں، کیونکہ سماجی چوکسی اور گھریلو آگاہی ہی نشے کے خلاف اولین دفاعی دیوار ہے۔ رپورٹنگ کے لیے 8004654 پر مفت کال یا dea@shjpolice.gov.ae پر ای میل کی جا سکتی ہے۔

آخر میں، بریگیڈیئر العصم نے وفاقی انسداد منشیات جنرل ڈائریکٹوریٹ اور ابوظبی پولیس کے انسداد منشیات شعبے کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے فعال کردار اور مسلسل تعاون کے باعث یہ کارروائی ممکن ہو سکی۔