اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی فوری عالمی اپیل، 114 ملین افراد کی زندگیاں خطرے میں

نیویارک، 17 جون، 2025 (وام)--اقوام متحدہ اور اس کے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں نے منگل کے روز ایک ہنگامی عالمی اپیل کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں زندگی کے خطرات سے دوچار 114 ملین افراد کو امداد فراہم کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ہم آہنگی انسانی امور (اوچا) نے بیان میں کہا ہے کہ بین الاقوامی انسانی امدادی شعبے کو درپیش شدید مالی کمی کے پیشِ نظر، اس منصوبے کو انتہائی ترجیحی بنیادوں پر مرتب کیا گیا ہے تاکہ عالمی انسانی جائزہ 2025 میں شامل سب سے فوری ضروریات کو اجاگر کیا جا سکے۔ مذکورہ ترجیحی منصوبے کے لیے 29 ارب امریکی ڈالر کی مالی معاونت درکار ہے۔

ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر کا کہنا تھا کہ مالی امداد میں سخت کٹوتیوں نے انسانی ہمدردی کے شعبے کو نہایت کٹھن فیصلوں کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ وسائل کی بنیاد پر زیادہ تر متاثرین تک امداد نہیں پہنچ سکے گی، تاہم دستیاب وسائل کے ذریعے جتنی زیادہ زندگیاں بچائی جا سکیں گی، کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عالمی انسانی جائزہ، جو گزشتہ دسمبر میں جاری کیا گیا تھا، دنیا کے 70 سے زائد ممالک اور خطوں میں انسانی ضروریات کا احاطہ کرتا ہے جن میں پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے ممالک بھی شامل ہیں۔