جکارتہ، 17 جون 2025 (وام)--انڈونیشیا کے مشرقی نوسا ٹینگارا صوبے میں واقع آتش فشاں ماؤنٹ لیووٹوبی لاکی-لاکی منگل کے روز شدید دھماکے سے پھٹ پڑا، جس کے نتیجے میں راکھ کا ایک بلند و بالا طوفان فضاء میں 10 کلومیٹر تک پھیل گیا، جس کے بعد متعلقہ حکام نے بلند ترین درجے کا خطرہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
انڈونیشی حکام نے مقامی رہائشیوں، سیاحوں اور زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ آتش فشاں کے دہانے کے دو کلومیٹر کے دائرے میں کسی بھی سرگرمی سے گریز کریں۔
ماہرین کے مطابق یہ صورتحال انڈونیشیا کے متحرک ارضیاتی محل وقوع کی عکاسی کرتی ہے۔ 27 کروڑ آبادی پر مشتمل یہ جزیرہ نما ملک بحرالکاہل کے "رِنگ آف فائر" نامی خطے میں واقع ہے، جو زلزلہ خیز فالٹ لائنز کا ایک گھوڑے کی نعل کی شکل کا علاقہ ہے۔ اسی خطے میں واقع ہونے کے باعث ملک میں 120 سے زائد فعال آتش فشاں موجود ہیں۔
اگرچہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آتش فشاں کے قرب و جوار میں مقیم آبادی میں ممکنہ طور پر شدت اختیار کرنے والے لاوے کے بہاؤ کے پیش نظر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام کے مطابق خطرے کا دائرہ اب آتش فشاں سے آٹھ کلومیٹر (تقریباً پانچ میل) تک پھیل گیا ہے۔
مزید برآں، حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارش کا جاری رہنا لاوے کے بہاؤ کو مزید خطرناک بنا سکتا ہے جبکہ فضائی سفر کی معطلی کے امکانات بھی موجود ہیں۔