دبئی، 18 جون 2025 (وام)--دبئی چیمبرز کے تحت کام کرنے والے دبئی انٹرنیشنل چیمبر نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اپنے پہلے نمائندہ دفتر کا باضابطہ طور پر آغاز کیا ہے۔ یہ اقدام دبئی اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دفتر کے افتتاح کی تقریب ٹورنٹو میں فیتہ کاٹنے کی رسمی تقریب کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں کینیڈا کے وزیر برائے بین الاقوامی تجارت منندر سدھو، دبئی چیمبرز کے چیئرمین انجینئر سلطان بن سعید المنصوری، متحدہ عرب امارات کے سفیر عبدالرحمن ال نیادی اور کینیڈین کاروباری برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔
یہ دفتر شمالی امریکہ میں دبئی انٹرنیشنل چیمبر کا پہلا نمائندہ دفتر ہے اور اسے ’دبئی گلوبل‘ اقدام کے تحت قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد 2030 تک دنیا بھر میں 50 نمائندہ دفاتر قائم کرنا ہے۔
اس موقع پر سلطان المنصوری نے کہاکہ، "ٹورنٹو میں ہمارے نئے دفتر کا افتتاح دبئی اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ دفتر کاروباری روابط قائم کرنے، سرمایہ کاری کے بہاؤ کو سہولت فراہم کرنے، اور دوطرفہ تجارتی مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔"
انہوں نے کہا کہ کینیڈین کاروباری ادارے دبئی کے منفرد اسٹریٹجک محل وقوع اور عالمی تجارتی مرکز کے طور پر دستیاب سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2024 کے اختتام پر دبئی چیمبر آف کامرس میں 4,112 کینیڈین کمپنیاں بطور فعال رکن رجسٹر تھیں، جو سالانہ بنیاد پر 29 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں مزید 289 کینیڈین کمپنیاں شامل ہوئیں، جس سے دوطرفہ تجارتی تعلقات کی وسعت کی عکاسی ہوتی ہے۔
ٹورنٹو دفتر دبئی اور کینیڈا دونوں کی کمپنیوں کے لیے ایک کلیدی رابطہ مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ چیمبر کی ٹیم کینیڈین کاروباری اداروں سے قریبی روابط استوار کرے گی، اہم عوامی و نجی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دے گی، اور دبئی کو عالمی تجارتی مرکز کے طور پر متعارف کرانے کے لیے سرگرم کردار ادا کرے گی۔
یہ دفتر کینیڈین کمپنیوں کو دبئی میں کاروبار قائم کرنے اور وسعت دینے کے لیے مارکیٹ انٹیلیجنس اور عملی رہنمائی فراہم کرے گا، جبکہ دبئی میں قائم اداروں کو کینیڈین منڈی میں داخل ہونے، سرمایہ کاری کے اعلیٰ مواقع تلاش کرنے، اور قابلِ اعتماد مقامی شراکت داروں سے روابط قائم کرنے میں مدد دے گا۔