گوانگ دونگ، چین، 19 جون (وام)--جنوبی چین کے صوبہ گوانگ دونگ کے ضلع ہوا ئیجی کو ایک صدی کی بدترین طوفانی بارشوں کا سامنا ہے، جس کے باعث متعدد مکانات پانی میں ڈوب گئے، سڑکیں تباہ ہو گئیں اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے "سی سی ٹی وی" کے مطابق، بدھ کی صبح ہوا ئیجی کے آبی پیمائش کے مرکز نے پانی کی سطح 55.22 میٹر ریکارڈ کی، جو انتباہی سطح 50 میٹر سے 5.22 میٹر زیادہ ہے۔ بتایا گیا کہ یہ اس اسٹیشن کی تاریخ میں اب تک کا سب سے بلند سطحِ آب ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے اطلاع دی کہ شدید بارشوں اور طوفان ’وُٹِپ‘ کے باعث تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 68 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق، مقامی اور صوبائی سطح پر دس ہزار سے زائد امدادی کارکنوں کو متحرک کیا گیا ہے تاکہ وہ ملبہ ہٹانے، سڑکوں کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی مرمت کا کام انجام دے سکیں۔