اماراتی وزیر خارجہ کی کینیڈین ہم منصب سے دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اوٹاوا، 20 جون 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کینیڈا کے وزیر خارجہ انیتا آنند سے اوٹاوا میں اپنے سرکاری دورہ کے دوران ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے متحدہ عرب امارات اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔

گفتگو میں اقتصادی، تعلیمی، تجارتی، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور توانائی جیسے کلیدی شعبہ جات میں اشتراکِ عمل کو وسعت دینے پر خاص توجہ دی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی تعاون کے ان شعبوں میں ترقی سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

شیخ عبداللہ بن زاید نے متحدہ عرب امارات اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ اور مستحکم دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امارات، اس منفرد شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ ترقی اور خوشحالی کے مزید امکانات پیدا کیے جا سکیں۔ اُنہوں نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک، مشترکہ اہداف کے تحت ایک تابناک مستقبل کی طرف گامزن ہیں۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن کے عالمی امن اور سلامتی پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر اماراتی وفد میں وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریِم بنت ابراہیم الہاشمی، وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر، وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی، وزیر خارجہ کے نمائندہ سلطان المنصوری، معاون وزیر برائے اقتصادی و تجارتی امور سعید مبارک الہاجری، اور کینیڈا میں امارات کے سفیر عبدالرحمٰن علی ال نیادی بھی شریک تھے۔