ابوظہبی، 22 جون، 2025 (وام)--امارات کی نیشنل پروفیشنل جو جِتسو چیمپئن شپ آج ابوظہبی کے زاید اسپورٹس سٹی میں واقع مبادلہ ایرینا میں شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ تین روز تک جاری رہنے والے اس بین الاقوامی ایونٹ کا انعقاد ابوظہبی جو جِتسو پرو (AJP) اور یو اے ای جو جِتسو فیڈریشن کے باہمی اشتراک سے کیا گیا، جس میں 77 ممالک سے تعلق رکھنے والے 1,455 مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جو 86 سے زائد خصوصی اکیڈمیوں کی نمائندگی کر رہے تھے۔
اختتامی دن کے مقابلوں میں امیچر اور پروفیشنل ڈویژنز میں غیر معمولی مہارت اور اعلیٰ تکنیکی معیار دیکھنے میں آیا، جو کھیل کے عالمی فروغ اور ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔ مجموعی ٹیم درجہ بندی میں متحدہ عرب امارات نے 299,700 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جب کہ برازیل 98,000 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کولمبیا 68,100 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
اختتامی تقریب میں یو اے ای جو جِتسو فیڈریشن کے نائب چیئرمین محمد سالم الظاہری اور ابوظہبی جو جِتسو پرو کے جنرل مینجر طارق عمر البحری نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فیڈریشن اور ابوظہبی جو جِتسو پرو کی مشترکہ کاوشوں سے منعقدہ یہ ٹورنامنٹ عالمی معیار کے مقابلوں کی ایک مثال ہے، جو کھلاڑیوں کی فنی مہارت کو نکھارنے اور انہیں ابوظہبی جو جِتسو پرو کی عالمی درجہ بندی میں شامل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
اس موقع پر طارق عمر البحری نے کہا کہ یو اے ای نیشنل چیمپئن شپ ہمارے سالانہ کیلنڈر کا اہم ستون ہے، جو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ بازی اور تکنیکی مہارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے یو اے ای جو جِتسو فیڈریشن، خصوصاً اس کے صدر عبدالمنعم الہاشمی کی قیادت پر شکریہ ادا کیا، جو ایشیائی فیڈریشن کے بھی صدر اور انٹرنیشنل فیڈریشن کے پہلے نائب صدر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ نے تنظیم، شرکت اور شائقین کی دلچسپی کے اعتبار سے اعلیٰ معیار قائم کیا، جو ابوظہبی کو جو جِتسو کا عالمی مرکز تسلیم کرانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگلے ہفتے استنبول میں ابو ظبی گرانڈ سلام جِتسو ورلڈ ٹور کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جو نئے سیزن کی ایک مضبوط شروعات ہوگی۔
ٹورنامنٹ کے دوران متعدد طلائی تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں نے اپنی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا اور AJP کی جانب سے عالمی معیار کے مقابلے منعقد کرنے کو سراہا۔
پروفیشنل براؤن بیلٹ 69 کلوگرام کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیتنے والے سلطان جابر کے مطابق یہ کامیابی ان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ نہ صرف مقابلوں کا معیار بہت بلند تھا بلکہ یہ ایونٹ جو جِتسو کے عالمی دارالحکومت ابوظہبی میں منعقد ہوا۔
اسی طرح، پروفیشنل 62 کلوگرام کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیتنے والے عبید الکتبی نے کہا کہ مقابلے نہایت سخت اور فنی اعتبار سے سبق آموز تھے، اور ایسے ٹورنامنٹس ہی پیشہ ورانہ سطح تک ترقی کے لیے ضروری ہیں۔
تین روزہ چیمپئن شپ میں بچوں، نوجوانوں، ماسٹرز، امیچر اور پروفیشنل کیٹیگریز میں مرد و خواتین کھلاڑیوں کی نمایاں شرکت دیکھنے میں آئی، جس نے اس ایونٹ کو جو جِتسو کے بین الاقوامی مقابلہ جاتی کیلنڈر میں ایک اہم مقام عطا کیا۔
اب جو جِتسو کی عالمی برادری کی نظریں 2024–2025 ابو ظبی گرانڈ سلام ورلڈ ٹور پر مرکوز ہیں، جس کا پہلا مرحلہ جولائی کے پہلے ہفتے میں استنبول میں منعقد ہو گا اور اس میں عالمی سطح پر وسیع شرکت متوقع ہے۔