جاپانی وزیر اعظم کی ایران کی صورتحال پر تشویش، شہریوں کے انخلاء کیلئے ہنگامی اقدامات

ٹوکیو، 22 جون، 2025 (وام)--جاپان کے وزیر اعظم شیگرو ایشیبا نے ایران میں رونما ہونے والی تازہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری ترجیح صورتحال کو جلد از جلد پرامن طریقے سے کم کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کو جوہری پروگرام کی ترقی سے روکنے کی اشد ضرورت ہے۔

وزیر اعظم ایشیبا نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت جاری کی کہ مشرق وسطیٰ میں مقیم جاپانی شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں، اور خطے کی صورتحال کے جاپان کی توانائی سپلائی پر ممکنہ اثرات پر گہری نظر رکھی جائے۔

ان ہدایات کے تحت جاپانی حکومت نے اپنے شہریوں کے انخلاء کا عمل جاری رکھا، اور اب تک ایران اور اسرائیل سے جاپانی شہریوں اور ان کے اہل خانہ سمیت 108 افراد کا کامیاب انخلا مکمل کر لیا گیا ہے۔

آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور امدادی کارروائیوں کی حمایت کے لیے جاپان نے اپنی دو C-2 فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں کو جبوتی میں قائم اپنے فضائی اڈے پر ہنگامی حالت میں تیار رکھا ہے۔