ابوظہبی، 22 جون، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج سلطنت عمان کے سلطان معظم ہیثم بن طارق، جمہوریہ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون، اور جمہوریہ اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی سے انفرادی طور پر ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
یہ رابطے حالیہ دنوں میں اسلامی جمہوریہ ایران پر ہونے والے حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور اس کے ممکنہ سنگین اثرات کے تناظر میں کیے گئے۔ ان روابط کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات پر غور و فکر اور ان کے ممکنہ حل کی تلاش تھا۔
گفتگو کے دوران شیخ محمد بن زاید اور مذکورہ عالمی رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ کشیدگی کو فوری طور پر ختم کرنے کیلئے علاقائی اور عالمی سطح پر سفارتی کاوشوں میں تیزی لائی جائے۔ ان کے مطابق موجودہ بحران کا حل صرف اور صرف بات چیت، تحمل اور سفارتکاری میں مضمر ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مشرق وسطیٰ کو مزید بحرانوں سے بچانا، اس کے عوام کو امن کی فضا فراہم کرنا، اور پورے خطے میں سلامتی و استحکام کو یقینی بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔