مسلم کونسل آف ایلڈرز کی دمشق میں گرجا گھر پر بم دھماکے کی شدید مذمت

ابوظہبی، 23 جون، 2025 (وام)--مسلم کونسل آف ایلڈرز نے، جو جامعہ ازہر کے شیخ الازہر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب کی سربراہی میں قائم ہے، شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک گرجا گھر کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں کئی بے گناہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

کونسل نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے بزدلانہ اور وحشیانہ حملے نہ صرف اسلامی تعلیمات بلکہ تمام آسمانی مذاہب، بین الاقوامی قوانین، عالمی اخلاقی اقدار اور انسانی ضمیر کے منافی ہیں۔ ان تمام تعلیمات میں عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے اور ان کی حفاظت اور عزت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انسانی جان کی حرمت اور مقدس مقامات کے احترام کی صریح خلاف ورزی ہے، اور ایسا عمل کسی بھی صورت میں قابلِ جواز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کونسل نے ہر قسم کی شدت پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کرنے کے اپنے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کیا، اور ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جو قوموں میں انتشار، بدامنی اور تباہی پھیلانے کے درپے ہیں۔

کونسل نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی، اور اس امید کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ شام اور اس کے عوام کو ہر قسم کے شر، دہشت گردی اور فتنے سے محفوظ رکھے۔