ابوظہبی، 23 جون، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی دفتر کے چیئرمین، عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی زیر صدارت وزارتی ترقیاتی کونسل کا اجلاس قصر الوطن، ابوظہبی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت کے مختلف پروگراموں اور اقدامات کی پیش رفت سے متعلق اہم رپورٹس اور اپ ڈیٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں عطیات سے متعلق مجوزہ ضوابط، ٹیکس نظام اور سرکاری خدمات سے متعلق پالیسیوں پر غور شامل تھا۔
کونسل نے قومی سطح پر رہائش، تعلیم، لیبر مارکیٹ، خوراک کے تحفظ، ماحولیاتی تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے نافذ پالیسیوں و اقدامات کی عمل درآمدی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ “مییک اِٹ ان دی امارات” پروگرام کی کامیابیوں کا بھی تفصیلی مطالعہ کیا گیا۔
وفاقی وزارتوں اور اداروں کی جانب سے وفاقی حکومت کے شعبہ جات کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق رپورٹس بھی اجلاس میں پیش کی گئیں۔
حکومتی امور سے متعلق کونسل نے وفاقی قومی کونسل کی ان سفارشات کا جائزہ لیا جن میں عوامی شعبے میں ملازمین کی کارکردگی بہتر بنانے اور قومی شناخت کے تحفظ کے لیے سرکاری میڈیا چینلز کے کردار کو مضبوط کرنے پر زور دیا گیا تھا۔
اجلاس میں خصوصی افراد (People of Determination) کے لیے معیارِ زندگی بہتر بنانے، انہیں تعلیم اور لیبر مارکیٹ میں مکمل طور پر شامل کرنے کے سلسلے میں حکومت کی کوششوں سے متعلق وفاقی قومی کونسل کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔