نیویارک، 24 جون (وام)--امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کی شام اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ معاہدہ مستقل قیامِ امن کی بنیاد بنے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ دونوں ممالک نے مکمل اور جامع جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جو تقریباً چھ گھنٹے بعد نافذ العمل ہو گی، جب دونوں فریق اپنی جاری کارروائیاں مکمل کر لیں گے۔
ان کے مطابق، ابتدائی طور پر 12 گھنٹوں کی جنگ بندی نافذ کی جائے گی، جس کے اختتام پر اس جنگ کو باضابطہ طور پر اختتام پذیر تصور کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں ایران جنگ بندی کا آغاز کرے گا، جب کہ دوسرے مرحلے میں اسرائیل اس پر عملدرآمد کرے گا، جس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر اندر جنگ کا خاتمہ عالمی سطح پر تسلیم کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس "12 روزہ جنگ" کے خاتمے پر وہ دونوں ممالک کو استقامت، ہمت اور دانش مندی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کے بقول، یہ ایک ایسی جنگ تھی جو برسوں جاری رہ سکتی تھی اور پورے مشرق وسطیٰ کو تباہی سے دوچار کر سکتی تھی، لیکن دونوں فریقوں کی کوششوں سے ایسا نہ ہوا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں آخر میں دعا کرتے ہوئے کہاکہ،"خدا اسرائیل، ایران، مشرق وسطیٰ، امریکہ اور پوری دنیا پر اپنا کرم فرمائے۔"