شارجہ سمر پروموشنز 2025 کا باضابطہ آغاز، اہلِ خانہ اور بچوں کے لیے نئی تفریحات متعارف

شارجہ، 24 جون (وام)--شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) نے شارجہ کامرس اینڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایس سی ٹی ڈی اے) کے تعاون سے شارجہ سمر پروموشنز 2025 کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جو یکم جولائی سے یکم ستمبر تک جاری رہے گی۔

اس سالانہ مہم میں امارت بھر کے ایک ہزار سے زائد ریٹیل اسٹورز شریک ہوں گے۔ یہ مہم چیمبر کے شاپنگ مالز سیکٹر بزنس گروپ کے اشتراک سے اور دیگر سرکاری اداروں کے تعاون سے منظم کی جا رہی ہے۔

مہم کی خاص بات "شمسا" نامی ایک نئے کارٹون کردار کا تعارف ہے، جو اہلِ خانہ اور بچوں کے لیے تفریحی عنصر کو بڑھانے کے لیے تخلیق کیا گیا ہے۔ عربی زبان کے لفظ "شمس" (یعنی سورج) سے ماخوذ، شمسا کو روشن خیالی، اُمید اور تخلیقی صلاحیت کی علامت قرار دیا گیا ہے۔

یہ اعلان پیر کے روز شارجہ چیمبر کے صدر دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں شارجہ چیمبر کے چیئرمین عبداللہ سلطان العوَیس، ایس سی ٹی ڈی اے کے چیئرمین خالد جاسم المدفع، اور شروق شارجہ انویسٹمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او احمد عبید القاسر نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایس سی سی آئی کے ڈائریکٹر جنرل محمد احمد امین العوَدی، شارجہ شاپنگ پروموشنز کے جنرل کوآرڈی نیٹر جمال بوزنجال، شاپنگ مالز بزنس گروپ کے سربراہ عبداللہ البلوشی، اور ہوٹلز بزنس گروپ کے سربراہ فادی مشرفیہ کے علاوہ متعدد سرکاری و نجی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

چیئرمین عبداللہ سلطان العوَیس نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ مہم شارجہ کو خریداری اور سیاحت کا اولین مرکز بنانے سے متعلق شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی، رکنِ سپریم کونسل و حکمرانِ شارجہ، کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔

ایس سی ٹی ڈی اے کے چیئرمین خالد المدفع کا کہنا تھا کہ یہ مہم صرف ایک موسمی سرگرمی نہیں بلکہ شراکت داری پر مبنی سیاحتی ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد مختلف شعبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور مربوط تفریحی تجربات فراہم کرنا ہے۔

شروق کے سی ای او احمد القاسر نے واضح کیا کہ شارجہ سمر 2025، امارت کو موسمی سیاحت کا مقابلہ جاتی مرکز بنانے کے وژن کا مظہر ہے۔

ادھر، ایس سی سی آئی کے ڈائریکٹر جنرل محمد العوَدی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چیمبر اپنے تمام شراکت داروں کے تعاون سے اس مہم کو جامع مارکیٹنگ پلیٹ فارم میں ڈھالنے کے لیے پُرعزم ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ شمسا کے ذریعے بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیاں، ورکشاپس، کھیلوں اور لائیو پرفارمنسز کو مرکزیت دی گئی ہے۔ ان سرگرمیوں کا محور "شمسا انٹرٹینمنٹ سٹی" ہوگی، جو 15 جولائی سے 15 اگست تک ایکسپو سینٹر شارجہ میں منعقد ہوگی۔

دو ماہ جاری رہنے والی اس مہم کے دوران 75 فیصد تک رعایتی نرخوں پر اشیاء فروخت کی جائیں گی، جن میں ملکی اور بین الاقوامی برانڈز شامل ہوں گے۔

شارجہ سمر پروموشنز 2025 میں سمارٹ ایپلیکیشن بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین الیکٹرانک قرعہ اندازی میں حصہ لے سکیں گے۔ اس کے علاوہ ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم www.shjsummer.ae بھی لانچ کیا گیا ہے، جہاں تمام پیشکشوں، رعایتی پیکیجز اور شراکت داروں کی خدمات کی مکمل تفصیلات دستیاب ہیں۔