اماراتی صدر کا امیرِ قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، ایرانی حملے کے بعد مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار

ابوظہبی، 24 جون (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے منگل کے روز قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دو طرفہ تعلقات اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔

رابطے کے دوران، صدرِ امارات نے قطر میں "العدید ایئربیس" پر ایرانی حملے کے بعد مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات، قطر کی خودمختاری، سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی بھرپور تائید کرتا ہے۔

عزت مآب صدر نے قطر میں صورتحال اور عوام کی خیریت سے متعلق دریافت کرتے ہوئے اس حملے کی شدید مذمت کی، اور واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات خطے میں کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف پرعزم ہے۔

گفتگو میں ایران اور اسرائیل کے مابین حالیہ جنگ بندی معاہدے کا بھی حوالہ دیا گیا۔ صدرِ امارات نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کی بنیاد بنے گا۔

انہوں نے اس معاہدے کے قیام میں امیرِ قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس سلسلے میں جاری ہم آہنگی اور مشترکہ اقدام کی ضرورت برقرار ہے تاکہ امن کی یہ کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں۔

امیرِ قطر، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے خلوص اور قطر کے عوام کے لیے نیک جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا، اور امارات کے حمایتی موقف اور یکجہتی کو سراہا۔