گویانگ، 25 جون (وام)--جنوب مغربی چین کے صوبہ گوئی ژو کے دو اضلاع میں مسلسل موسلا دھار بارشوں اور بالائی علاقوں سے آنے والے پانی کے باعث شدید سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے بعد بڑے پیمانے پر انخلا کی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق، منگل کے روز دوپہر 2:30 بجے تک رونگ جیانگ کاؤنٹی سے 48,900 اور کونگ جیانگ کاؤنٹی سے 32,000 رہائشیوں کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ دونوں اضلاع میں سیلاب سے نمٹنے کے ہنگامی ردعمل کی سطح بڑھا کر پہلی سطح (سب سے بلند) کر دی گئی ہے۔
رونگ جیانگ، جو دیہی فٹبال لیگ "کن چاؤ" کے لیے معروف ہے — جہاں 100 سے زائد دیہاتی ٹیمیں ملک بھر سے شائقین کو اپنی جانب کھینچتی ہیں — پیر کی رات 8 بجے سے شدید بارشوں کی لپیٹ میں رہا۔ منگل کی دوپہر 2 بجے تک ڈولیو دریا میں پانی کی سطح خطرے کی حد سے 6.68 میٹر بلند ریکارڈ کی گئی۔
"کن چاؤ" اسٹیڈیم کا فٹبال میدان تین میٹر پانی میں ڈوب چکا ہے، جس سے مقامی تفریحی و سماجی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔
ریسکیو آپریشن کے لیے فائر بریگیڈ، رضاکاروں اور دیگر امدادی ٹیموں نے کشتیوں اور دیگر آلات کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔
اسی صوبے کے ساندو کاؤنٹی میں بھی بارش کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے سے ایکسپریس وے پر واقع ایک پل کا حصہ منہدم ہو گیا ہے۔ تاہم، اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔