میکسیکو سٹی، 26 جون، 2025 (وام)--حکام نے بدھ کے روز ایک افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میکسیکو کی ریاست گواناخواتو میں رات گئے ایک تقریب کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 12 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔
مقامی حکومتی عہدیدار رودولفو گومیز سروانتیس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد ابتدائی اندازوں سے بڑھ کر بارہ ہو گئی ہے، جبکہ زخمی افراد کو قریبی اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی گواناخواتو کے علاقے سان بارٹولو دے بیریوس میں ایک تقریب کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق، میکسیکو سٹی کے شمال مغرب میں واقع گواناخواتو ملک کی ان ریاستوں میں شامل ہے جہاں پرتشدد جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ یہاں مختلف منظم جرائم پیشہ گروہ آپس میں کنٹرول کے لیے برسرپیکار ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال کے ابتدائی پانچ مہینوں میں ریاست میں 1,435 قتل رپورٹ ہوئے ہیں، جو ملک کی کسی بھی دوسری ریاست سے دو گنا زیادہ ہیں۔