ابوظہبی، 26 جون، 2025 (وام)--خلیفہ اکنامک زونز ابوظہبی (کیزاد) گروپ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے گریڈ اے ویئرہاؤس آپریٹر اسٹاک اسپیس اور منصوبے کے مرکزی ترقیاتی شراکت دار اکسیون ڈیولپمنٹ کے ساتھ ایک 50 سالہ اراضی لیز معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت کیزاد ایریا A (کیزاد المعمورہ) میں ایک جدید گریڈ اے گودام سہولت قائم کی جائے گی۔
اسٹاک اسپیس نے 14,200 مربع میٹر پر مشتمل اپنی نئی تنصیب کے قیام کے لیے 5 کروڑ درہم (AED50 ملین) کی سرمایہ کاری کی ہے، جو کہ خطے میں خوراک و مشروبات (F&B) اور تیز رفتار صارفین کی مصنوعات (FMCG) کی صنعتوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ سہولت کیزاد میں تقریباً 100 نئی ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔
اس موقع پر کیزاد گروپ کے نائب صدر برائے صنعتی ترقی منصور المرر نے کہاکہ،"ابوظہبی کے صنعتی مشن کے ایک اہم محرک کے طور پر، کیزاد میں ہم ایک جدید ماحول فراہم کرتے ہیں تاکہ مقامی صنعتی پیداوار کو فروغ، عالمی معیار کی لاجسٹکس کا قیام، اور معاون صنعتوں کی ترقی ممکن بنائی جا سکے۔"
منصور المرر کے مطابق گروپ خوراک و مشروبات کے شعبے کے لیے عالمی معیار کے صنعتی ماحولیاتی نظام کی فراہمی جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ، "اسٹاک اسپیس کے ساتھ ہماری شراکت داری اس سمت میں ایک اہم قدم ہے، جو کیزاد میں صنعتی گنجائش میں اضافے اور اقتصادی منظرنامے کو بہتر بنانے کا ذریعہ بنے گی۔"