واشنگٹن، یکم جولائی 2025 (وام)--شامی عرب خبر رساں ایجنسی (سانا) کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے پیر کے روز ایک تاریخی صدارتی حکم نامہ پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت شام پر عائد پابندیوں کے پروگرام کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام شام میں استحکام اور امن کے فروغ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق، اس حکم نامے کے تحت نہ صرف پابندیاں ختم کی گئی ہیں بلکہ امریکی وزیر خارجہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیزر ایکٹ کے تحت طے شدہ شرائط کی روشنی میں پابندیوں کو جزوی یا مکمل طور پر معطل کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیں۔
حکم نامے میں بعض اشیاء کی برآمدات پر عائد کنٹرول میں نرمی کی اجازت دی گئی ہے جبکہ شام کے لیے مخصوص غیر ملکی امداد پر عائد پابندیاں بھی ختم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے وزیر خارجہ کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ وہ شام کی ’دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والی ریاست‘ کے طور پر دی گئی حیثیت کا جائزہ لیں اور اقوام متحدہ میں پابندیوں میں نرمی کے مواقع تلاش کریں تاکہ شام میں پائیدار استحکام ممکن بنایا جا سکے۔
وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ ایک ایسے شام کے لیے پرعزم ہیں جو مستحکم، متحد اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا حامل ہو۔