جکارتہ، 3 جولائی، 2025 (وام) --انڈونیشیا میں تفریحی جزیرے بالی کی جانب جاتے ہوئے ایک کشتی سمندر میں ڈوب گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں مسافروں کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق اب تک 23 افراد کو پانی سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب یہ کشتی انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا سے روانہ ہوئی تھی اور بالی کی طرف سفر کر رہی تھی کہ اچانک ڈوب گئی۔ کشتی میں کل 65 افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں تاحال لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
بنیوانگی، مشرقی جاوا کے پولیس سربراہ، راما سمتاما پوترا نے بتایا کہ اب تک "23 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔"
ابتدائی اطلاعات میں جکارتہ کے شہر سورابایا کی مقامی ریسکیو ایجنسی نے بتایا تھا کہ "کشتی میں سوار 61 افراد لاپتا ہیں جبکہ صرف چار کو بچایا گیا ہے۔" البتہ کشتی کے ڈوبنے کی کوئی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
ایجنسی نے مزید کہا کہ کشتی کے مسافروں کی فہرست کے مطابق اس میں 53 مسافر اور 12 عملے کے افراد شامل تھے۔