اتحاد کریڈٹ بیورو، بینکاری شعبے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے: امارات بینکس فیڈریشن

دبئی، 3 جولائی، 2025 (وام)--امارات بینکس فیڈریشن (یو بی ایف) نے متحدہ عرب امارات کے بینکاری اور مالیاتی شعبے کی ترقی میں اتحاد کریڈٹ بیورو کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ملک کو عالمی مالیاتی اور تجارتی مرکز بنانے کے سفر میں ایک اہم ستون قرار دیا ہے۔

یہ بات "پارٹنر انگیجمنٹ فورم" کے دوران کہی گئی، جو دبئی میں قائم امارات انسٹیٹیوٹ آف فنانس میں منعقد ہوا۔ فورم میں یو بی ایف نے اتحاد کریڈٹ بیورو کی جانب سے مستحکم ترقی کے حصول کے لیے کریڈٹ معلومات کے حصول، تجزیے اور مؤثر استعمال کی کوششوں کی تعریف کی، جن کے ذریعے افراد اور اداروں کو درست اور مربوط ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلے کرنے میں مدد ملی ہے۔

فیڈریشن نے اتحاد کریڈٹ بیورو کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اشتراک سے مختلف اسٹیک ہولڈرز کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے مالیاتی حل اور مصنوعات متعارف کرائی گئی ہیں، جو ملک کے مالیاتی، اقتصادی اور بینکاری نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر امارات بینکس فیڈریشن کے ڈائریکٹر جنرل، جمال صالح نے کہا کہ درست معلومات اور ڈیٹا مختلف شعبوں، خصوصاً بینکاری اور مالیاتی میدان میں ترقی کی بنیاد ہیں۔ اتحاد کریڈٹ بیورو نے اپنے قیام سے لے کر اب تک معلومات اور جدید حل فراہم کر کے افراد، بینکوں اور مالیاتی اداروں کی رہنمائی کی ہے، جس سے بہتر فیصلے اور خطرات کا محتاط انداز میں انتظام ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "بینکاری شعبے نے متحدہ عرب امارات کو ایک عالمی مالیاتی مرکز کے طور پر مستحکم کیا ہے، جس میں مرکزی بینک کی رہنمائی کا کلیدی کردار رہا ہے۔ یو بی ایف اور اتحاد کریڈٹ بیورو کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینا ہمارا اہم ہدف ہے تاکہ بینکاری خدمات کو شفاف، محفوظ اور مسابقتی بنایا جا سکے، اور علمی معیشت کے فروغ کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کیا جا سکے۔"

جمال صالح کے مطابق، ان کاوشوں کا مثبت اثر "اعتماد انڈیکس" میں بھی نمایاں ہے، جو 90 فیصد تک پہنچ چکا ہے — جو کئی ترقی یافتہ مالیاتی مراکز سے بہتر کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔

اتحاد کریڈٹ بیورو کے ڈائریکٹر جنرل، مروان احمد لطفی نے کہا کہ، "پارٹنر انگیجمنٹ فورم ہمارے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ ہم متحدہ عرب امارات کے مالیاتی نظام میں اپنی خدمات کے دس سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔"

انہوں نے واضح کیا کہ بیورو نے ابتدا ہی سے یو بی ایف اور بینکاری شعبے کے ساتھ قریبی اشتراک کے تحت کام کیا ہے، تاکہ ان کی ضروریات کو سمجھا جا سکے اور ان کے مطابق ایسے ٹولز فراہم کیے جائیں جو مؤثر خطرات کے انتظام اور دانشمندانہ فیصلوں میں معاون ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ، "بینکوں کی کامیابی اور استحکام ہمارا اولین ہدف ہے، کیونکہ یہی مالیاتی شعبے کی مضبوطی اور بالآخر قومی معیشت کی طاقت کی ضمانت ہے۔"

یو بی ایف اور اس کے رکن بینک اتحاد کریڈٹ بیورو کے ساتھ تعاون کو جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ بینکاری خدمات میں شفافیت، حکمرانی اور رسک مینجمنٹ کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے صارفین کی توقعات پر پورا اترا جا سکے۔