واشنگٹن، 4 جولائی، 2025 (وام)--ایپل کو ایک ہسپانوی پیٹنٹ ہولڈر کمپنی کو 110.7 ملین امریکی ڈالر ہرجانے کے طور پر ادا کرنا ہوں گے۔ یہ فیصلہ ریاست ڈیلاویئر کی فیڈرل جیوری نے جاری کیا، جو ایک وائرلیس کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے متعلق پیٹنٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے کا حصہ تھا۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، جیوری نے TOT پاور کنٹرول کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ایپل کے آئی فونز، آئی پیڈز اور ایپل واچز میں موجود وائرلیس چپس TOT کے پیٹنٹ کے 3G وائرلیس اسٹینڈرڈ ٹیکنالوجی سے متعلق حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔
ایپل کے ترجمان نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی اس فیصلے کے خلاف اپیل کا ارادہ رکھتی ہے۔
دوسری جانب، TOT کے سی ای او الوارو لوپیز میدرانو نے فیصلے کو اپنی بنیادی سیلولر توانائی بچت ٹیکنالوجی کی توثیق قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیوری کا یہ فیصلہ کمپنی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
الوَارو لوپیز میدرانو، جو کہ ایک ہسپانوی انجینئر ہیں، نے TOT کمپنی اس وقت قائم کی تھی جب انہوں نے ایک ایسی ٹیکنالوجی ایجاد کی تھی جو "ریڈیو سگنل اور مداخلت کے تناسب میں کمی بیشی کے دوران توانائی کے استعمال کو منظم کرتی ہے۔" TOT کی جانب سے 2021 میں دائر کردہ مقدمے میں الزام لگایا گیا تھا کہ ایپل کے موبائل ڈیوائسز میں موجود ٹرانسسیورز بغیر لائسنس کے ان کی پیٹنٹ شدہ ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں۔
ایپل نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ متعلقہ پیٹنٹس ناقابلِ اعتبار ہیں۔ تاہم جیوری نے یہ پایا کہ ایپل نے TOT کے دو میں سے ایک پیٹنٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
واضح رہے کہ TOT کمپنی نے اسی نوعیت کے مقدمات ایل جی اور سام سنگ کے خلاف بھی ڈیلاویئر میں دائر کیے ہیں، جن پر ابھی کارروائی جاری ہے۔