دبئی، 4 جولائی، 2025 (وام)--دبئی پولیس نے محکمہ سیاحتی پولیس کی نمائندگی میں ایک نئی موسمی مہم (سمر انیشی ایٹو) کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد سیاحوں کی سلامتی کو فروغ دینا، عوام میں تحفظ و آگاہی کے اصولوں کو راسخ کرنا اور مجموعی طور پر سیاحتی ماحول کو محفوظ بنانا ہے۔
یہ مہم پازیٹو اسپرٹ کونسل، جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی ہیپینس، کرائم پریوینشن ڈیپارٹمنٹ، دبئی پولیس اکیڈمی، سیکیورٹی انسپکشن ڈیپارٹمنٹ (K9) اور MST جونئیر اکیڈمی کے تعاون سے ترتیب دی گئی ہے۔
مہم کا افتتاح ام سقیم بیچ پر کیا گیا، جس میں بریگیڈیئر خلفان عبید الجلاف (ڈائریکٹر سیاحتی پولیس ڈیپارٹمنٹ)، فاطمہ بوحاجیر (چیئرپرسن پازیٹو اسپرٹ کونسل)، کیپٹن احمد الفجیر المہیری (ہیڈ آف بیچ سیکیورٹی سیکشن)، اور پولیس افسران، عملے اور رضاکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
اس موقع پر بریگیڈیئر الجلاف نے کہا کہ یہ اقدام دبئی پولیس کی سیاحتی تحفظ کو فروغ دینے، عوامی آگاہی بڑھانے اور سیاحتی پولیس کی خدمات متعارف کرانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحوں کو سکھایا جانا چاہیے کہ کسی بھی واقعے کی صورت میں وہ کس طرح ہنگامی نمبر 999 یا غیر ہنگامی نمبر 901 پر رابطہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مہم کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کی ان کاوشوں میں شامل ہے جو دبئی پولیس کی اسٹریٹجک وژن کو فروغ دینے، محفوظ سیاحتی ماحول فراہم کرنے اور زائرین کے تجربے کو خوشگوار بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
مہم کے دوران دبئی پولیس نے کھیلوں کی سرگرمیاں، آگاہی مواد کی تقسیم، پولیس بینڈ کی موسیقی اور K9 پولیس ڈاگ شو کا بھی اہتمام کیا، جسے بیچ پر موجود سیاحوں نے خوب سراہا۔