یو اے ای کی کوموروس کے یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت، دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

مورونی، 6 جولائی (وام)--وزیر مملکت شیخ شخبوط بن نہیان النہیان نے متحدہ عرب امارات کےصدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی نمائندگی کرتے ہوئے کوموروس کے دارالحکومت مورونی میں منعقدہ آزادی کی 50ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔

یہ دورہ کوموروس کے صدر عزیز علی عصمانی کی جانب سے دی گئی پرخلوص دعوت پر عمل میں آیا۔

تقریب کے دوران شیخ شخبوط بن نہیان نے صدر عصمانی کو یو اے ای کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم، اور نائب صدر، نائب وزیر اعظم و صدراتی عدالت کے سربراہ عزت ماب شیخ منصور بن زاید النہیان کی جانب سے پرتپاک سلام، نیک تمناؤں اور کوموروس کی حکومت و عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کی دعا پہنچائی۔

شیخ شخبوط نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات کوموروس کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور اس کی ترقیاتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب صدر عصمانی نے یو اے ای کی مستقل حمایت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور اماراتی قیادت کی جانب سے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کو سراہا جاتا ہے۔