آئی سی سی کا افغان طالبان کے دو رہنماؤں کے گرفتاری وارنٹ جاری

دی ہیگ، 9 جولائی، 2025 (وام)--بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے افغانستان میں طالبان کے دو اعلیٰ رہنماؤں کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں، جن میں طالبان کے روحانی پیشوا ہیبت اللہ اخوندزادہ اور چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی شامل ہیں۔ ان پر افغان خواتین اور بچیوں کے خلاف مظالم اور صنفی بنیادوں پر انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

عدالت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس بات کے معقول شواہد موجود ہیں کہ اخوندزادہ اور حقانی نے صنفی امتیاز کی بنیاد پر اُن افراد کے خلاف کارروائیاں کیں، جو طالبان کی صنفی پالیسی یا صنفی شناخت و اظہار سے ہم آہنگ نہیں تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگرچہ طالبان کی جانب سے عمومی طور پر پوری آبادی پر مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں، لیکن خواتین اور بچیوں کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا گیا۔ ان پر تعلیم، ملازمت، آزاد نقل و حرکت اور بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے سخت پابندیاں مسلط کی گئیں۔

بین الاقوامی عدالت نے اسے انسانی وقار اور بین الاقوامی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ صنفی امتیاز پر مبنی ایسی پالیسیاں عالمی سطح پر ناقابل قبول ہیں۔