البحری شعبے میں نئی پیش رفت، السیر میرین کو ابوظہبی کمرشل بینک سے 760 ملین درہم کی مالی سہولت

ابوظہبی، 9 جولائی، 2025 (وام)--السیر میرین (Al Seer Marine)، جو انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (IHC) کا ذیلی ادارہ ہے، نے ابوظہبی کمرشل بینک سے 760 ملین درہم (207 ملین امریکی ڈالر) کی مالی سہولت حاصل کی ہے۔ یہ معاہدہ آٹھ سالہ مدت پر مشتمل ہے اور مخصوص آپریٹنگ جہازوں پر فرسٹ پرائرٹی مارگیج کی بنیاد پر محفوظ کیا گیا ہے، جو کمپنی کی اثاثہ جاتی ترقی اور سرمایہ کاری مؤثریت کی حکمت عملی کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

ابوظہبی کمرشل بینک نے اس معاہدے میں واحد انڈررائٹر اور مینڈیٹڈ لیڈ آرینجر کے طور پر کردار ادا کیا ہے اور انتہائی مسابقتی شرائط پر سہولت فراہم کی ہے۔ یہ دونوں اداروں کے درمیان دوسرا بڑا مالیاتی معاہدہ ہے، جس سے باہمی اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔

سال 2025 کے آغاز میں بھی ابوظہبی کمرشل بینک نے السیر میرین اور B شپنگ کے مشترکہ منصوبے ASBI Shipping FZCO کو 210 ملین درہم (57 ملین ڈالر) کی مالی سہولت فراہم کی تھی، جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے حجم کے ایل پی جی ٹینکرز کی خریداری میں معاونت فراہم کرنا تھا۔

السیر میرین کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، گائے نیوینز نے کہا کہ کمپنی اپنی سرمایہ جاتی ساخت کو مؤثر طریقے سے بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہے، تاکہ اعلیٰ قدر اور تیز تر ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ کمپنی کی امارات کے بحری ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ،"ہم اس سرمایہ کاری کے ذریعے LNG، LPG، خام تیل اور پیٹروکیمیکل شعبے میں امارات کی تیز رفتار ترقی کی بھرپور حمایت کے لیے تیار ہیں۔ ابوظہبی کمرشل بینک کے ساتھ ہماری شراکت داری ہماری طویل مدتی حکمت عملی پر ادارہ جاتی اعتماد کا مظہر ہے۔"

السیر میرین نے حالیہ برسوں میں مقامی اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد حاصل کیا ہے، اور اس مالیاتی حمایت کے ذریعے کمپنی نے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ، مضبوط بحری بیڑے کی تعمیر کی ہے۔ اس کے علاوہ، کمپنی نیول شپ بلڈنگ، بغیر انسان کے چلنے والی سطحی بحری گاڑیاں (USV)، اور دنیا کے سب سے بڑے 3D پرنٹر جیسے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔