ابوظہبی، 9 جولائی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے گورنر اور دہشت گردی کی مالی معاونت و منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق قومی کمیٹی کے چیئرمین خالد محمد بلا مہ کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے متحدہ عرب امارات کا نام ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ دانشمندانہ قیادت کے دوراندیش وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ، ’’یہ فیصلہ ایک ایسے مالیاتی نظام کی تعمیر کے لیے ہماری قیادت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے جو قومی وژن، مؤثر گورننس اور مالیاتی شعبے کی سلامتی و شفافیت پر مبنی ہے۔‘‘
اس موقع پر خالد بلا مہ نے وزیر خارجہ، نائب وزیر اعظم اور انسداد منی لانڈرنگ و دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے لیے قومی حکمت عملی کی اعلیٰ کمیٹی کے چیئرمین، شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کی قیادت میں سفارتی محاذ پر کی گئی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کے نتیجے میں یہ اہم پیش رفت ممکن ہو سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام یو اے ای کی اس پختہ کمٹمنٹ کا اظہار ہے جو وہ مالیاتی نظام کو درپیش خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بروئے کار لا رہا ہے، تاکہ عالمی سطح پر ملکی مسابقت کو فروغ دیا جا سکے اور ترقی کے سفر کو مزید تقویت دی جا سکے۔
خالد بلامہ نے اس پیش رفت میں تعاون پر ریگولیٹری اداروں، مجاز مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ، ’’ہم ان تمام اداروں کی وابستگی اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جنہوں نے متحدہ عرب امارات کے لیے یہ کامیابی ممکن بنائی۔‘‘