بیجنگ، 10 جولائی، 2025 (وام) --چینی دارالحکومت بیجنگ میں جمعرات کی صبح شدید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر بلیو موسمی الرٹ جاری کیا گیا، جبکہ شہر بھر میں فلڈ کنٹرول کے چوتھے درجے کا ہنگامی ردعمل نافذ کر دیا گیا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق بدھ کی رات ہی سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا تھا، اور جمعرات کی صبح کے دوران اس میں شدت آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بیجنگ کے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شہر کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کی صبح تیز بارشیں متوقع ہیں، جن میں فی گھنٹہ بارش کی مقدار 30 ملی میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے، جبکہ چھ گھنٹوں میں مجموعی طور پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش کا اندیشہ ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پہاڑی اور نشیبی علاقے سیلاب، مٹی کے تودوں اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے ثانوی قدرتی خطرات کی زد میں آ سکتے ہیں، جبکہ نچلے علاقے پانی بھراؤ سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر فوری طور پر نافذ کریں۔ ساتھ ہی عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ موسمی خبروں سے باخبر رہیں، بارش سے بچاؤ کا سامان اپنے ساتھ رکھیں، اور بلند عمارتوں یا بل بورڈز کے قریب پناہ لینے سے گریز کریں۔
ڈرائیورز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پھسلن والی سڑکوں پر انتہائی احتیاط برتیں اور زیر آب علاقوں سے اجتناب کریں۔
واضح رہے کہ چین میں موسمی انتباہ کا نظام چار درجات پر مشتمل ہے، جس میں ریڈ الرٹ سب سے شدید خطرے کی علامت ہوتا ہے، اس کے بعد اورینج، یلو اور بلیو الرٹ آتے ہیں۔ اسی طرح قومی ہنگامی ردعمل کا نظام بھی چار سطحوں پر مبنی ہے، جہاں پہلا درجہ سب سے بلند سطح کو ظاہر کرتا ہے۔