ابوظہبی، 10 جولائی، 2025 (وام) --ابوظہبی کے نائب حکمران اور سپریم کونسل برائے مالی و اقتصادی امور کے رکن، عزت مآب شیخ طحنون بن زاید النہیان کی زیر صدارت 'ADQ' بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران شیخ طحنون بن زاید نے 'ADQ' کی اُن کوششوں کو سراہا جن کا مقصد ابوظہبی کی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ اقدامات صدرِ مملکت شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی مدبرانہ قیادت کے ویژن کے عین مطابق ہیں۔
اجلاس میں سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے مالیاتی اعداد و شمار پیش کیے گئے، جو مضبوط ترقی کی جانب اشارہ کر رہے تھے۔ بورڈ کو گذشتہ سہ ماہی کی اہم کاروباری سرگرمیوں پر بھی بریفنگ دی گئی جن میں نمایاں پیش رفت ارامیکس کی خریداری تھی، جو ایک رضاکارانہ ٹینڈر آفر کے ذریعے عمل میں آئی اور اب اس کی تکمیل کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ ارامیکس کو ‘ADQ’ کے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کلسٹر کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ سپلائی چین کو مربوط اور موثر انداز میں منظم کیا جا سکے۔
بورڈ کو یہ بھی بتایا گیا کہ ‘ADQ’ نے امریکی کمپنیانرجی کیپٹل پارٹنرز کے ساتھ 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری شراکت داری کی ہے۔ یہ منصوبے جدید توانائی کے ڈھانچے کی ترقی پر مرکوز ہیں تاکہ ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے، جو مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث جنم لے رہی ہیں۔
گزشتہ سہ ماہی کی نمایاں کامیابیوں میں گرڈورا (Gridora) کا آغاز بھی شامل تھا، جو ایک مشترکہ منصوبہ ہے جسے ‘ADQ’، ‘IHC’ اور موڈن ہولڈنگ نے اپریل میں قائم کیا۔ اس کا مقصد انفرااسٹرکچر کی ترقی کو پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فروغ دینا ہے۔
اسی مہینے ‘ADQ’، ‘IHC’ اور فرسٹ ابوظہبی بینک نے اعلان کیا کہ وہ ایک درہم کی پشت پناہی پر مبنی اسٹیبل کوائن متعارف کرائیں گے، جو مرکزی بینک کی منظوری سے چلایا جائے گا۔ اس اقدام سے ڈیجیٹل مالیاتی لین دین کو مقامی و عالمی سطح پر آسان بنایا جا سکے گا۔
مزید برآں، 'ADQ' نے مئی میں 2 ارب امریکی ڈالر کے دو حصوں پر مشتمل بانڈز جاری کیے تاکہ مالیاتی ذرائع کو متنوع بنایا جا سکے۔ یہ بانڈز 3.5 گنا زائد سرمایہ کار دلچسپی کے ساتھ مکمل ہوئے، جو 'ADQ' پر اعتماد کی علامت ہے۔
'ADQ' کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قومی حکمتِ عملی برائے مصنوعی ذہانت 2031 کے تحت کی جانے والی کوششوں کو اجلاس میں اجاگر کیا گیا، جن میں ایک نمایاں اقدام "سپرنٹ اے آئی پروگرام" کا آغاز ہے۔ یہ پروگرام تین اہم ستونوں پر مبنی ہے جن میں پہلا ستون جدید ڈیٹا انفرااسٹرکچر، حکمرانی (گورننس)، اور تجزیاتی صلاحیتوں (اینالٹکس) کی ترقی پر مرکوز ہے؛ دوسرا ستون مصنوعی ذہانت کی تحقیق، اس کا مؤثر نفاذ، اور مختلف شعبہ جات میں اس کی تجارتی سطح پر اپنانے کو فروغ دینے سے متعلق ہے؛ جبکہ تیسرا ستون ایسے جدید حل اور پائلٹ منصوبے متعارف کرانے پر مشتمل ہے جو عملی مظاہروں (پروف آف کانسیپٹ) کی صورت میں سامنے آئیں۔ اس پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں جن اداروں کو اس سے فائدہ پہنچ رہا ہے، ان میں سلال، 'AD پورٹس گروپ' اور اگتھیہ گروپ شامل ہیں، جو اپنی عملی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اس پروگرام کے تحت جدید ٹیکنالوجی اپنا رہے ہیں۔
توانائی اور یوٹیلیٹی کے شعبے میں طاقہ اور 'EWEC' نے ایک گیگاواٹ کے الظفرہ اوپن سائیکل گیس ٹربائن پروجیکٹ کیلئے 24 سالہ معاہدہ کیا ہے، جو نیٹ زیرو 2050 ہدف کے تحت توانائی پیدا کرے گا۔
زرعی شعبے میں سلال نے چین کی شوگوانگ ویجیٹیبل انڈسٹری گروپ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت العین میں 1 لاکھ مربع میٹر پر مشتمل ایگری ٹیک حب قائم کیا جائے گا، جہاں اے آئی اور روبوٹکس کا استعمال کر کے زرعی پیداوار میں بہتری لائی جائے گی۔
ادھر، ‘ADQ’ کے سسٹین ایبل مینوفیکچرنگ کلسٹر میں شامل کمپنی 'EMSTEEL' نے 'MediSun Energy' کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت سمندری پانی سے خارج شدہ نمکین پانی کو قابل تجدید توانائی اور میگنیشیم کاربونیٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ ماحولیاتی استحکام کے قومی اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
اجلاس کے دوران، 'ADQ' کے بورڈ اراکین نے اے آئی بورڈ ایڈوائزر کے جدید ورژن کا استعمال کیا، جو مختلف اے آئی ٹولز کو یکجا کر کے فیصلہ سازی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
'ADQ' کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او محمد حسن السویدی نے کہا کہ شیخ طحنون بن زاید کی قیادت میں ادارہ انفرااسٹرکچر اور اسٹریٹجک سپلائی چین میں سرمایہ کاری کے ذریعے ابوظہبی کی معیشت کو مزید تقویت دے رہا ہے۔
بورڈ نے 'ADQ' کے کردار کو ابوظہبی کی معاشی تنوع اور بین الاقوامی مسابقت کو فروغ دینے کیلئے کلیدی قرار دیا۔
اجلاس میں شیخ زاید بن حمدان بن زاید النہیان، جاسم محمد بو عطابہ الزعابی، محمد حسن السویدی، محمد مبارک فاضل المزروعی، ڈاکٹر احمد مبارک المزروعی، شیخ عبداللہ بن محمد آل حامد اور کاج ایرک ریلنڈر نے شرکت کی۔