مصدر اور ایبرڈرولا کی شراکت: برطانیہ اور جرمنی میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے مکمل

ابوظہبی، 10 جولائی، 2025 (وام) -- صاف توانائی کے عالمی رہنما مصدر اور دنیا کی بڑی توانائی کمپنیوں میں شامل ایبرڈرولا نے برطانیہ کے "ایسٹ اینگلیا تھری" آف شور ونڈ فارم میں شراکت داری کے معاہدے اور جرمنی میں 476 میگا واٹ کے "بالٹک ایگل" منصوبے کی مکمل توانائی فراہمی کے ساتھ دو بڑی کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔ "ایسٹ اینگلیا تھری" منصوبہ دہائی کا سب سے بڑا آف شور ونڈ معاہدہ تصور کیا جا رہا ہے۔

یہ پیش رفت نہ صرف برطانیہ اور یورپ کے آف شور ونڈ اہداف کے حصول کی جانب اہم قدم ہے بلکہ دونوں کمپنیوں کے درمیان 15 ارب یورو کی اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی آگے بڑھاتی ہے، جو صاف توانائی کی فراہمی کو تیز کرنے کے لیے برطانیہ، جرمنی اور امریکہ جیسے اہم عالمی بازاروں پر مرکوز ہے۔

دسمبر 2023 میں طے پانے والی مصدر-ایبرڈرولا شراکت دنیا کی سب سے بڑی دو طرفہ شراکت داریوں میں سے ایک ہے جو قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں قائم ہوئی۔ دونوں کمپنیوں کے جاری منصوبے اس عزم کی غمازی کرتے ہیں کہ وہ 2030 تک عالمی سطح پر قابلِ تجدید توانائی کی گنجائش کو تین گنا بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

مصدر کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی، ڈاکٹر سلطان الجابر نے کہا ہے کہ مصدر اور ایبرڈرولا دنیا کی سب سے بڑی اور موثر صاف توانائی کی شراکت داری کو فروغ دے رہی ہیں تاکہ یورپ سمیت دنیا بھر میں توانائی کے شعبے میں گنجائش کو بڑھایا جا سکے۔ ان کے بقول، "بالٹک ایگل" اور "ایسٹ اینگلیا تھری" جیسے منصوبے عالمی توانائی کی منتقلی کے عمل میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کی وجہ سے توانائی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں برطانیہ کے 1.4 گیگا واٹ کے "ایسٹ اینگلیا تھری" ونڈ فارم میں 50، 50 فیصد کی شراکت رکھیں گی اور اس منصوبے کی مشترکہ نگرانی کریں گی۔ تمام ضروری شرائط پوری کر لی گئی ہیں اور معاہدے کی تکمیل جلد متوقع ہے۔

9 جولائی کو منصوبے کے لیے تقریباً 3.5 ارب پاؤنڈ (4.1 ارب یورو) کی فنانسنگ کا معاہدہ 24 بین الاقوامی بینکوں کے ساتھ طے پایا، جو 40 فیصد زائد سبسکرپشن کے ساتھ مکمل ہوا۔ یہ فنانسنگ منصوبے کی مجموعی لاگت کا بڑا حصہ پورا کرے گی، تاہم یہ قرض دونوں کمپنیوں کی مالیاتی بیلنس شیٹ میں شامل نہیں ہوگا۔

یہ منصوبہ برطانیہ کے علاقے سوفولک کے ساحل کے قریب واقع ہے، اور 2026 کی چوتھی سہ ماہی میں ابتدائی آپریشن کے آغاز پر دنیا کے دو سب سے بڑے آف شور ونڈ فارموں میں شامل ہو جائے گا۔ اس سے 13 لاکھ برطانوی گھروں کو صاف توانائی فراہم کی جا سکے گی۔ منصوبے کو 15 سالہ سی پی آئی سے منسلک کانٹریکٹ فار ڈیفرنس (CfD) کے ذریعے برطانیہ حکومت کی نیلامی اسکیم AR4 اور AR6 سے آمدنی کا تحفظ حاصل ہے، جب کہ ایمیزون کے ساتھ پاور پرچیز ایگریمنٹ (PPA) بھی 2024 میں طے پایا ہے۔ منصوبے کی تعمیر کے دوران 2,300 سے زائد ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے جبکہ اس کی مکمل عمر میں 100 طویل مدتی ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

ادھر، مصدر اور ایبرڈرولا نے جرمنی کے بالٹک سی میں واقع بالٹک ایگل آف شور ونڈ فارم کی مکمل توانائی فراہمی اور تکمیل کا اعلان کیا۔ یہ منصوبہ دونوں کمپنیوں کے اسٹریٹجک اتحاد کے تحت مکمل ہونے والا پہلا منصوبہ ہے، جس سے نہ صرف جرمنی کے صاف توانائی اہداف کو تقویت ملے گی بلکہ دونوں کمپنیوں کی قابلِ تجدید توانائی کے میدان میں قیادت بھی مضبوط ہو گی۔ یہ منصوبہ سالانہ تقریباً 8 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرے گا اور 4.75 لاکھ جرمن گھروں کو صاف توانائی فراہم کرے گا۔ یہ مصدر کا جرمنی میں پہلا منصوبہ اور یورو میں حاصل کردہ سب سے بڑی فنانسنگ ڈیل بھی ہے۔

اس موقع پر ایبرڈرولا کے ایگزیکٹو چیئرمین اگناسیو گالان نے کہا کہ مصدر کے ساتھ اشتراک سے نہ صرف برطانیہ میں ہماری حکمت عملی کو تقویت ملے گی بلکہ وہاں 2028 تک 24 ارب پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کے ذریعے ہم ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور قابلِ تجدید توانائی میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔

مصدر کے سی ای او محمد جمیل الرماحی کے مطابق یہ شراکت داری اس بات کا ثبوت ہے کہ کمپنی یورپ کی توانائی منتقلی اور عالمی موسمیاتی اہداف کو حقیقت میں بدلنے کیلئے پُرعزم ہے۔

مصدر اور ایبرڈرولا یورپ سمیت دنیا کے دیگر بازاروں میں صاف توانائی کے مستقبل کے منصوبوں میں بھی مشترکہ سرمایہ کاری جاری رکھیں گی، اور پہلے ہی نئے مواقع کی نشاندہی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ شراکت داری کے تحت آف شور ونڈ اور گرین ہائیڈروجن جیسے منصوبوں میں 15 ارب یورو کی مجموعی سرمایہ کاری کی جائے گی۔