دبئی، 14 جولائی، 2025 (وام) --دبئی چیمبرز نے حال ہی میں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں "چائنا مشینری انڈسٹری فیڈریشن" (CMIF) کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی گول میز اجلاس کا انعقاد کیا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کی حامل چینی کمپنیوں کو دبئی میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا اور چینی صنعتی اداروں کی دبئی میں موجودگی کو وسعت دینا تھا۔
اس موقع پر دبئی چیمبرز اور چائنا مشینری انڈسٹری فیڈریشن کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے، جس میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور اہم شعبہ جات میں مشترکہ مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
معاہدے کے تحت دبئی چیمبرز، چائنا مشینری انڈسٹری فیڈریشن کی رکن کمپنیوں کو دبئی میں اپنے آپریشنز کے قیام اور توسیع کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا، جبکہ مشینری انڈسٹری فیڈریشن چین میں دبئی سے وابستہ کمپنیوں کو پارٹنرشپ قائم کرنے میں تعاون فراہم کرے گا۔
گول میز اجلاس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے، اور دبئی میں منعقد ہونے والی عالمی سطح کی صنعتی نمائشوں کو چینی مینوفیکچررز کی عالمی مارکیٹ میں رسائی کے لیے استعمال کرنے جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ اقدام نہ صرف چین اور امارات کے درمیان صنعتی تعاون کو نئی جہت دے گا بلکہ دونوں ممالک کے کاروباری برادریوں کے درمیان اسٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔