ابوظہبی، 14 جولائی 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی وزارتِ توانائی و انفراسٹرکچر نے ملک میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ایک جامع قومی منصوبے کے تحت ایمریٹس روڈ کی استعداد بڑھانے اور اس کی ترقی کا اعلان کیا ہے۔
یہ اسٹریٹجک منصوبہ یو اے ای کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک میں ایک اسمارٹ، پائیدار اور لچکدار انفراسٹرکچر قائم کیا جائے جو نہ صرف اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کرے بلکہ شہریوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنائے اور وفاقی سڑکوں کے نیٹ ورک کی کارکردگی کو بھی بلند کرے۔
یہ منصوبہ مقامی حکومتی اداروں کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے، اور توقع ہے کہ یہ نقل و حمل، سامان کی ترسیل، اور سروس فلو کو بہتر بناتے ہوئے ملک بھر میں مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
ایمریٹس روڈ کی ترقیاتی اسکیم کے تحت، سڑک کو الشارجہ کے البدع انٹرچینج سے لے کر ام القیوین تک 25 کلومیٹر تک ہر سمت میں تین سے پانچ لینز تک توسیع دی جائے گی، جس سے اس شاہراہ کی گنجائش 65 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 9,000 گاڑیاں فی گھنٹہ ہو جائے گی۔
منصوبے میں انٹرچینج نمبر 7 کی مکمل ازسرِنو تعمیر بھی شامل ہے، جس کے تحت چھ نئے ڈائریکشنل پل تعمیر کیے جائیں گے جن کی مجموعی لمبائی 12.6 کلومیٹر ہو گی، اور یہ 13,200 گاڑیوں فی گھنٹہ کی گنجائش فراہم کریں گے۔
اضافی طور پر، دونوں اطراف 3.4 کلومیٹر طویل "کلیکٹر روڈز" بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ مرکزی ٹریفک فلو میں رکاوٹ کم ہو اور ٹریفک کو بہتر طریقے سے منظم کیا جا سکے۔
اس منصوبے کا آغاز ستمبر 2025 میں متوقع ہے، جبکہ مکمل ہونے کی مدت دو سال رکھی گئی ہے۔ منصوبے کا تخمینہ شدہ بجٹ 750 ملین درہم ہے۔
اس ترقیاتی منصوبے سے روزانہ سفر کرنے والوں کے لیے سفر کا دورانیہ تقریباً 45 فیصد کم ہو جائے گا، خاص طور پر راس الخیمہ سے ہوتے ہوئے ام القیوین، شارجہ اور دبئی آنے جانے والے افراد کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیرِ توانائی و انفراسٹرکچر، سہیل محمد المزروعی نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹنے کے لیے قابلِ عمل اور پائیدار حل فراہم کرنے کی وزارت کی کاوشوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ حکومت کے سالانہ اجلاسوں میں زیرِ غور آیا، جہاں سڑکوں کی ترقی کو قومی ترقی کے اہم ستون کے طور پر تسلیم کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ، "یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کے اُس وژن کی عملی تصویر ہے جس کے تحت ایک ایسا مربوط روڈ نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے جو معاشی ترقی اور عوامی سہولت دونوں کو فروغ دے۔"
وزارت میں انفراسٹرکچر و ٹرانسپورٹ امور کے انڈر سیکریٹری، انجینئر حسن المنصوری نے بتایا کہ یہ منصوبہ بین الاقوامی معیار کے تحت نافذ کیا جائے گا، اور ملک کے مختلف شہروں کے درمیان نقل و حمل میں خاطر خواہ بہتری لائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمریٹس روڈ، وفاقی سڑکوں میں سے ایک اہم شاہراہ ہے جس کی نگرانی وزارتِ توانائی و انفراسٹرکچر کے تحت کی جاتی ہے۔