ابوظہبی، 14 جولائی (وام)--اتحاد ایئرویز نے جون 2025ء کے لیے اپنے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ فضائی کمپنی کی ترقی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور مسافروں کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق جون میں 18 لاکھ مسافروں نے اتحاد ایئرویز کا سفر اختیار کیا، جو کہ گزشتہ برس اسی مہینے کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اضافہ ایئرلائن کی منصوبہ بند وسعت اور مارکیٹ میں اس کی مضبوط پوزیشن کا ثبوت ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ طیاروں کی نشستوں کے بھرنے کی شرح (لوڈ فیکٹر) 88 فیصد رہی، جو جون 2024ء میں 86 فیصد تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی نہ صرف اپنی صلاحیت کو مؤثر طریقے سے استعمال کر رہی ہے بلکہ مانگ کے تقاضے بھی بخوبی پورے کر رہی ہے۔
اتحاد ایئرویز کے بیڑے میں اس وقت 101 طیارے شامل ہیں جو نہ صرف نئی پروازوں کے آغاز بلکہ موجودہ خدمات کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
2025ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران 1 کروڑ 2 لاکھ سے زائد مسافروں نے اتحاد ایئرویز کی خدمات حاصل کیں، جو کہ گزشتہ برس اسی عرصے کے مقابلے میں 17 فیصد اضافہ ہے۔ سال کے پہلے نصف میں مجموعی طور پر لوڈ فیکٹر 87 فیصد رہا، جو ایک متاثرکن شرح ہے۔
اتحاد ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، انتونوالدو نیویس نے کہا کہ انہیں ایئرلائن کی مسلسل ترقی پر خوشی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جون میں مسافروں کی تعداد میں 17 فیصد سال بہ سال اضافہ ہوا، جس سے اتحاد ایئرویز مشرق وسطیٰ کی تیزی سے ترقی کرنے والی ایئرلائن کے طور پر اپنی شناخت قائم رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2025ء میں اب تک 1 کروڑ سے زائد مسافر اتحاد کا انتخاب کر چکے ہیں جبکہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران یہ تعداد 2 کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے، جو صارفین کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
نیویس نے مزید کہا کہ جون کے مہینے میں روٹس میں توسیع کے تحت کمپنی نے پہلی بار پراگ اور وارسا کے لیے پروازوں کا آغاز کیا، جبکہ پانچ موسمی راستے—نیس، مالاگا، میکونوس، سانتورینی اور انتالیا—بھی دوبارہ بحال کیے گئے ہیں، جو گرمیوں کے سیاحتی مراکز کے لیے مشہور ہیں۔