ایئر عربیہ ابوظہبی کا 2025ء میں آپریشنل صلاحیت میں 40 فیصد اضافہ کا اعلان

ابوظہبی، 16 جولائی، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت کی پہلی کم خرچ ایئر لائن، ایئر عربیہ ابوظہبی نے اپنے بیڑے میں دو نئے ایئر بس 'A320' طیارے شامل کیے ہیں، جس کے بعد مجموعی فضائی بیڑے کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ یہ اقدام ایئر لائن کی جاری ترقیاتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

ایئر عربیہ ابوظہبی نے رواں سال کے اختتام سے قبل مزید دو ایئر بس 'A320' طیارے شامل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے نتیجے میں 2025ء کے دوران کُل گنجائش میں 40 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ یہ توسیع نہ صرف ابوظہبی کے ہوابازی کے شعبے کی ترقی میں معاون ثابت ہو گی بلکہ امارت کی وسیع تر اقتصادی پیشرفت میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔

ایئر عربیہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، عادل العلی نے کہا کہ نئے طیاروں کی شمولیت اور بیڑے کی حکمتِ عملی کے تحت توسیع، آپریشنل افادیت کو بہتر بنانے اور فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اُن کے مطابق، یہ ترقی ابوظہبی سے آنے جانے والی پروازوں کے بڑھتے ہوئے مطالبے کو پورا کرنے میں مدد دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال کی متوقع گنجائش میں اضافہ، نہ صرف دارالحکومت کی وسیع تر اقتصادی و سیاحتی وژن کو تقویت دے گا بلکہ مسافروں کو قدر و قیمت پر مبنی سفری سہولیات بھی فراہم کرتا رہے گا۔

ایئر عربیہ ابوظہبی نے حالیہ مہینوں میں اپنے نیٹ ورک میں نمایاں وسعت پیدا کی ہے، جس میں یریوان، الماتی اور سیالکوٹ جیسے نئے شہروں کو شامل کیا گیا ہے۔ ایئر لائن اب مشرقِ وسطیٰ، افریقہ، وسطی ایشیا، برِ صغیر اور مشرقی یورپ کے 30 سے زائد شہروں کو ابوظہبی سے براہِ راست پروازوں کے ذریعے منسلک کر رہی ہے، جو کہ رہائشیوں، کاروباری طبقے اور سیّاحوں کے لیے بآسانی دستیاب بین الاقوامی سفری سہولتوں کا مظہر ہے۔