تیرانہ، 16 جولائی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج جمہوریہ البانیہ کا ورکنگ دورہ کیا، جہاں اُنہوں نے وزیرِ اعظم ایڈی راما سے ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
البانوی وزیرِ اعظم نے ’کریمینسٹریا‘ (وزیراعظم آفس) میں اماراتی صدر اور اُن کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں ہموار کرے گا اور ترقیاتی اہداف کے حصول میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔
ملاقات کے دوران فریقین نے امارات اور البانیا کے درمیان بڑھتے ہوئے شراکتی روابط کا جائزہ لیا اور اقتصادیات، تجارت، قابلِ تجدید توانائی، خوراک کی سلامتی اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کے مزید امکانات پر غور کیا۔
علاقائی و عالمی امور پر بھی رائے کا تبادلہ ہوا، جہاں فریقین نے تنازعات کے حل میں مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ عالمی سطح پر امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کیلئے مضبوط بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان نے خطۂ بلقان کے ممالک سے مضبوط شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا اور البانیہ کو ایک کلیدی شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ امارات ہمیشہ ایسے تعلقات کو فروغ دیتا ہے جو باہمی مفادات اور امن و ترقی کی مشترکہ خواہش پر مبنی ہوں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کو دیرپا فوائد حاصل ہو سکیں۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم راما نے شیخ محمد بن زاید النہیان کو البانیہ کے سب سے اعلیٰ سول اعزاز ’بینمیرینتی‘ میڈل سے نوازا، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اس اعزاز کو اس احترام و عقیدت کی علامت قرار دیا جو اماراتی صدر کو البانیہ میں حاصل ہے۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے سرکاری وفد کے اراکین نے بھی شرکت کی، جن میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، صدارتی امور کے نائب چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان اور شیخ زاید بن محمد بن زاید النہیان شامل تھے۔
وفد میں متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن تحنون النہیان، قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکرٹری جنرل علی بن حماد الشامسی، وزیرِ صنعت و جدید ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر، وزیرِ مملکت شیخ شخبوت بن نہیان النہیان، اور صدر کے دفتر برائے اسٹریٹجک امور کے چیئرمین و ابوظہبی ایگزیکٹو آفس کے سربراہ ڈاکٹر احمد مبارک علی المزروعی بھی شریک تھے۔
مزید برآں، صدر کے مشیر برائے اسٹریٹجک ریسرچ و جدید ٹیکنالوجی امور فیصل عبدالعزیز محمد البنائی، وزارتِ خارجہ میں سیاسی امور کی معاون لانا زکی نسیبہ، ایگزیکٹو افیئرز اتھارٹی کے چیئرمین خلدون خلیفہ المبارک، یونان میں امارات کے سفیر و البانیہ کیلئے غیر مقیم سفیر ڈاکٹر علی عبید الظاہری، اور ایگل ہلز کے بورڈ چیئرمین محمد العبار بھی وفد کا حصہ تھے۔
قبل ازیں اماراتی صدر جب البانوی دارالحکومت پہنچے تو وزیرِ اعظم ایڈی راما نے اعلٰی حکومتی شخصیات کے ہمراہ تیرانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔