ابوظہبی سٹی میونسپلٹی کو ہارورڈ بزنس کونسل ایوارڈز میں 11 بین الاقوامی اعزازات حاصل

ابوظہبی، 17 جولائی، 2025 (وام)--ابوظہبی سٹی میونسپلٹی نے 2025ء کے ہارورڈ بزنس کونسل انٹرنیشنل ایوارڈز میں 11 ممتاز اعزازات حاصل کر کے ایک نئی کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ یہ اعزازات میونسپلٹی کی ہمہ جہت کارکردگی، جدت طرازی، اور عالمی بہترین عملیاتی معیار کو اپنانے کے عزم کا مظہر ہیں۔

ابوظہبی سٹی میونسپلٹی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل احمد فاضل المہیربی نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کو اجاگر کیا کہ یہ اعزازات میونسپلٹی کی پیشہ ور ٹیموں کی انتھک محنت اور مسلسل بہتری کی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ اُن کا کہنا تھاکہ،، "یہ ایوارڈز ہمارے مختلف شعبوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ معیارات کا ثبوت ہیں، جو ابوظہبی سٹی میونسپلٹی کو عوامی خدمت میں جدت اور ادارہ جاتی برتری کا علمبردار بناتے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ابوظہبی کی قیادت کے وژن سے ہم آہنگ ہے اور اس بات کو تقویت دیتی ہے کہ میونسپلٹی جدید، مربوط اور عوامی ضرورتوں کے مطابق ڈھالی گئی خدمات فراہم کرنے کے لیے مسلسل بہتری کی راہ پر گامزن ہے۔

اس سال میونسپلٹی کی ہارورڈ بزنس کونسل ایوارڈز میں شرکت تاریخی نوعیت کی رہی، کیونکہ نہ صرف ایوارڈز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا بلکہ ان کا دائرہ کار بھی خاصا وسیع رہا۔ ان اعزازات میں ایگزیکٹو قیادت، خواتین کی قیادت، جدت طرازی، اور پیشہ ورانہ مہارت جیسے اہم شعبے شامل تھے۔

یہ کامیابی ابوظہبی سٹی میونسپلٹی کی عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی شناخت، شفاف حکمرانی، اور سروس ڈیلیوری میں جدت کے عزم کی غمازی کرتی ہے۔